راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ ختم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ ختم
راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ ختم

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

منی لانڈرنگ کیس میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی پوچھ گچھ ختم  ہوگئی ہے۔ راہل گاندھی سے ای ڈی حکام نے کئی گھنٹے تک سوالات پوچھے۔ پوچھ گچھ ختم ہونے کے بعد راہل اپنی ماں سونیا گاندھی سے ملنے چلے گئے، جنہیں گنگارام اسپتال میں داخل کرایا گیاہے۔

خیال رہے کہ راہل گاندھی سے تین گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی گئی۔

دوسری جانب راہول گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی نے تغلق روڈ پولیس اسٹیشن جاکر کانگریس لیڈروں سے ملاقات کی۔ راہل گاندھی منی لانڈرنگ کیس میں آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہوئے۔ ای ڈی کے دفتر سے پہلے راہل گاندھی کانگریس کے دفتر گئے تھے۔

ان کے ساتھ ان کی بہن پرینکا گاندھی بھی کانگریس کے دفتر پہنچیں۔ یہاں سے انہوں نے پارٹی کے کئی لیڈروں کے ساتھ مارچ کیا۔ دراصل راہل کانگریس ہیڈکوارٹر سے تھوڑی ہی دوری پر چل کر ای ڈی آفس پہنچے۔ اس دوران پولیس نے کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو روک دیا۔

راہل گاندھی کا قافلہ تقریباً 11 بجے ای ڈی کے دفتر پہنچا۔ قبل ازیں پارٹی کے مجوزہ مارچ کے پیش نظر پولیس نے کئی کانگریسی کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا اور پارٹی ہیڈکوارٹر کے ارد گرد دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔

 کانگریس پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ای ڈی کو بی جے پی کا ’’انتخابی انتظامی محکمہ‘‘ قرار دیا اور الزام لگایا کہ نریندر مودی حکومت نے کانگریس کے ’’ستیہ گرہ‘‘ کو روکنے کے لیے نئی دہلی کے علاقے میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

راہل گاندھی کی پیشی کے پیش نظر، کانگریس نے ملک بھر میں ای ڈی دفاتر کے باہر 'ستیہ گرہ' منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور دہلی میں بھی زبردست طاقت کے مظاہرہ کی تیاری کر رہی تھی۔

ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے راہل گاندھی کو طلب کیا ہے۔