کواڈ میٹ : مودی نے کہا سفارتی حل نکالیں روس اور یوکرین

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-03-2022
کواڈ میٹ : مودی نے کہا سفارتی حل نکالیں روس اور یوکرین
کواڈ میٹ : مودی نے کہا سفارتی حل نکالیں روس اور یوکرین

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی شام دیر گئے کواڈ لیڈروں کی ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی۔ ملاقات میں امریکی صدر جو بائیڈن، آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن اور جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا بھی موجود تھے۔ ملاقات میں یوکرین اور روس کا مسئلہ بھی زیر بحث آیا۔وزیراعظم آفس کے مطابق رہنماؤں نے آسیان، بحر ہند کے علاقے اور بحرالکاہل کے جزائر میں ترقی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے مذاکرات اور سفارت کاری کے راستے پر واپس آنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 پی ایم مودی نے کہا کہ کواڈ کو انڈو پیسیفک خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کواڈ کے اندر انسانی ہمدردی اور قدرتی آفات سے نجات، کریڈٹ استحکام، سپلائی چین اور صلاحیت کی تعمیر جیسے شعبوں میں تعاون کی ٹھوس نوعیت کی بات کی۔

میٹنگ میں ستمبر 2021 کواڈ سمٹ کے بعد کواڈ اقدام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ رہنماؤں نے اس سال کے آخر میں جاپان میں ہونے والی سربراہی کانفرنس سے ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے مقصد سے تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ رہنماؤں نے اس سال کے آخر میں جاپان میں ہونے والی اگلی سمٹ کے لیے ایک پرجوش ایجنڈے پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

کواڈ کے تین ممالک روس کے خلاف

 ہندوستان نے روس کے خلاف اقوام متحدہ میں ووٹنگ سے باز رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کواڈ کے تین دیگر ارکان نے یوکرین کی حمایت کی ہے، جبکہ امریکہ روس کے خلاف سخت پابندیاں عائد کرنے میں بین الاقوامی برادری کی قیادت کر رہا ہے۔ آسٹریلیا روس کو ایک "غیر ملکی ریاست" سمجھتا ہے اور اس نے یوکرین کو امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاپان نے بھی روسی اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔