پنجاب اسمبلی انتخابات :ووٹنگ شروع، 1304 امیدواروں کی قسمت کا ہوگا فیصلہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-02-2022
پنجاب اسمبلی انتخابات :ووٹنگ شروع، 1304 امیدواروں کی قسمت کا  ہوگا فیصلہ
پنجاب اسمبلی انتخابات :ووٹنگ شروع، 1304 امیدواروں کی قسمت کا ہوگا فیصلہ

 

 

  چنڈی گڑھ،: سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان پنجاب اسمبلی کی 34 مخصوص نشستوں سمیت 117 اسمبلی حلقوں میں پولنگ شروع ہو گئی ہے، جس میں کل 1304 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔

ووٹنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔ اس الیکشن میں مختلف قومی جماعتوں کے 231، صوبائی جماعتوں کے 250، غیر تسلیم شدہ جماعتوں کے 362 اور آزاد امیدواروں کی تعداد 462 ہے۔ ان میں سے 1209 مرد، 93 خواتین اور دو خواجہ سرا ہیں۔ ریاست میں 14,684 مقامات پر 24,740 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ ان میں سے 1051 مقامات پر 2013 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتخابات میں ریاست کے کل 2,14,99,804 رجسٹرڈ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

ان میں سے 1,12,98,081 مرد، 1,02,00,996 خواتین اور 727 ٹرانس جینڈر ہیں۔ الیکشن میں پہلی بار 348836 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کووڈ قوانین کی پیروی کرتے ہوئے جمہوریت کے اس تہوار میں جوش و خروش سے حصہ لیں اور پولنگ اسٹیشن پر اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے ووٹر فوٹو شناختی کارڈ یا کوئی ٹھوس دستاویز ساتھ رکھیں۔ ان میں آدھار کارڈ، پین کارڈ، بینک یا پوسٹ آفس فوٹو پاس بک، منریگا جاب کارڈ، وزارت محنت کی طرف سے جاری کردہ ہیلتھ انشورنس اسمارٹ کارڈ، ہندوستانی پاسپورٹ، تصویر کے ساتھ پنشن دستاویز، مرکزی، ریاستی حکومت اور پی ایس یو کی طرف سے جاری کردہ تصویری شناختی کارڈ، ایم پیز، ایم ایل ایز، قانون ساز کونسل کے ممبر کو جاری کردہ شناختی کارڈ وغیرہ۔ کمیشن نے ووٹروں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کو کوئی پیسہ، شراب، منشیات یا کسی قسم کی لالچ یا دھمکی دی ہے تو وہ اس کی شکایت سی-وِجل ایپ یا ووٹر ہیلپ لائن 1950 پر کریں۔