پڈوچیری میں گری کانگریس کی حکومت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-02-2021
اعتماد کی تحریک میں ناکامی
اعتماد کی تحریک میں ناکامی

 

 نئی دہلی: پڈوچیری کے وزیر اعلی این ناراین سوامی نے اپنا استعفیٰ لیفٹیننٹ گورنر کو پیش کر دیا ہے- وزیر اعلی نے اپنا استعفیٰ اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک کے دوران ہونے والی ووٹنگ کے بعد دیا- وزیر اعلی اس ووٹنگ میں اکثریت حاصل نہیں کر سکے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حکمران کانگریس کے اراکین کے مستعفی ہونے کے بعد وزیر اعلی این ناراین سوامی کی حکومت اقلیت میں آگیی تھی- جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ وزیر اعلی کو اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت دیں۔ یاد رہے کہ ناراین سوامی حکومت ساڑھے چار سال پرانی ہے اور ابھی اس کو چھ مہینے کی مدت مزید پوری کرنی تھی- پڈوچیری میں اسی سال اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ اعتماد ووٹ کی تحریک پیش کرنے کے بعد تقریباًایک گھنٹہ تک ایوان سے خطاب کیا اور پھر تمام ممبروں کے ساتھ واک آؤٹ کر گئے۔اس کے بعد اسمبلی اسپیکر وی شیوکولانتھو نے اعلان کیا کہ وزیر اعلی کی جانب سے پیش تحریک عدم اعتماد کا ووٹ گرگیا ہے۔ ان کی حکومت اکثریت سے محروم ہوگئی ہے۔ اس کے بعد ایوان کو غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔اعتماد کی تحریک پیش کرتے ہوئے نارین سوامی نے کہا کہ مرکزی حکومت اور سابق لیفٹیننٹ گورنر کرن بیدی کی مبینہ مداخلت کے باوجود ریاست کی کانگریس حکومت نے متعدد اسکیمیں نافذ کیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت گرانے کے منصوبوں کے باوجود وہ پانچ سال کی مدت پوری کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔