پروفیسر فاروق بخشی شعبہ اردو ،مانو کے صدر مقرر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پروفیسر فاروق بخشی شعبہ اردو ،مانو کے صدر مقرر
پروفیسر فاروق بخشی شعبہ اردو ،مانو کے صدر مقرر

 

 

 حیدرآباد : معروف شاعر اور نقاد پروفیسر فاروق بخشی کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، حیدرآبادمیں صدر شعبہ اردو مقرر کیا گیا ہے ۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پروفیسر فاروق بخشی کے عہدہ صدارت کی مدت دو برس ہوگی ۔ پروفیسر فاروق بخشی سابقہ چار دہائیوں سے درس و تدریس سے وابستہ ہیں ۔ انہوں نے 1980 میںاپنے تدریسی کیریئر کا آغاز دہلی کے قدیم ادارے سے کیا تھا ۔ 1986میں وہ کوٹہ یونیورسٹی سے ملحقہ پوسٹ گریجویٹ کالج سے وابستہ ہوئے اور 26 برس تک وہاں اپنے فرائض منصبی ادا کیے ۔تدریس کے اس طویل سفرمیںدو مرتبہ وہاںصدر شعبہ بھی رہے ۔

بعد ازاں انہوں نے موہن لال سکھاڈیا یونیورسٹی ،اودے پور کے شعبہ¿ اردو میں پروفیسر اور صدر شعبہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ 2017 میں پروفیسر فاروق بخشی نے مرکزی یونیورسٹی ،مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ،حیدرآباد کے شعبہ¿ اردو میں پروفیسر کی حیثیت سے جوائن کیا ۔

پروفیسر فاروق بخشی ایک اعلیٰ منتظم،ناظم،شاعراور کامیاب استاد ہیں ۔ان کا شمار ارود کے ان معدودے چند اساتذہ میں ہوتا ہے جو بے حد فعال و متحرک ہیں اور خود کو اردو تحریک کا ایک سپاہی سمجھتے ہیں ۔ پروفیسر فاروق بخشی بنیادی طور پر تخلیق کار ہیں ۔ایک شاعر کی حیثیت سے ان کی شناخت ہے ۔

ان کے تین شعری مجموعے ”پلکوں کے سائے (1979)“،”اداس لمحوں کے موسم (2004)“ ،”وہ چاند چہرہ سی ایک لڑکی (2012)“منظر عام پر آچکے ہیں ۔ دو درجن سے زائد کتابوں کی ترتیب و تدوین کی ہے ۔

”ساغر نظامی حیات و کارنامے “،”ماضی ایک تنقیدی مطالعہ “،”اردو شاعری کا سرخ پھول کیفی اعظمی “ان کے تنقیدی مضامین کے دو مجموعے ”مفاہیم “،”معنی ومطالب“شائع ہو چکے ہیں۔

تنقیدی مضامین کا تیسرا مجموعہ”تفہیم و ترسیل “،”غالب اور ترقی پسند تنقید“ ،”لفظوں کا جادوگر :ساحر لدھیانوی “طباعت کی منزلوں سے گزر رہی ہیں ۔ درس و تدریس کے علاوہ پروفیسر فاروق بخشی مختلف تنظیموں اور اکادمیوں کے متعدد مرتبہ صدر اور رکن خاص بھی رہے ہیں ۔نیز انہیں ان کی ادبی خدمات پر مختلف اکادمیوں نے انعامات ، ایوارڈاور اعزازی تمغات سے بھی نوازا ہے۔فی الحال گزشتہ تین سال سے پروفیسر فاروق بخشی انجمن ترقی پسند مصنفین ،تلنگانہ کے فعال صدر کے عہدے پر فائز ہیں ۔

پروفیسر فاروق بخشی کو مانو کا صدر شعبہ منتخب کیے جانے پر علمی و ادبی حلقوں میں مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے اربابِ حل و عقد کے علاوہ متعدد ادبی شخصیات نے ان کے تقرر پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے ہیں ۔ جن میں پروفیسر رحمت یوسف زئی ، پروفیسر مجید بیدار ،پروفیسر ابن کنول ،ڈاکٹر اودھیش رانی باوا ، نکہت آرا شاہین ،پروفیسر غضنفر اور سابق ممبر پارلیمنٹ سید عزیز پاشا نے تہنیتی پیغامات ارسال کیے ۔ شعبہ اردو کے دیگر تمام اساتذہ نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔