پروفیسر ڈاکٹر عبد العلی حامد الازہری کا انتقال

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-10-2021
 پروفیسر ڈاکٹر عبد العلی حامد الازہری کا انتقال
پروفیسر ڈاکٹر عبد العلی حامد الازہری کا انتقال

 

 

لندن : عالمی شہرت یافتہ عالم دین ، عظیم اسکالر ومحقق، ممتاز اہل قلم،دی مسلم کالج لندن کے پروفیسر،مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے انگریزی مجلہ دی اسٹریٹ پاتھ کے سابق ایڈیٹر ، حافظ ڈاکٹر عبد العلی حامد الازہری الاعظمی صاحب کےسانحہ ارتحال پر گہرے رنج وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے امیرمولانااصغرعلی امام مہدی سلفی نےا ن کے انتقال کو دینی وعلمی دنیا کابڑاخسارہ قرار دیا ہے۔انہوںنے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالعلی ازہری علیہ الرحمہ کا تعلق مئو یوپی کی مردم خیز سرزمین کے معروف ومشہور اور مقتدر دینی وعلمی خانوادے سے تھا۔

ڈاکٹرعلیہ الرحمہ نےابتدائی درجات کی تعلیم مدرسہ عالیہ عربیہ مئواور جامعہ رحمانیہ بنارس سے حاصل کی ۔۱۹۶۰ء میں معروف دانش گاہ جامعہ اسلامیہ فیض عام،مئو میں داخلہ لیااور۱۹۶۲ء میں سندتکمیل حاصل کی۔۱۹۶۷ء میں جامعہ ازہرمصرسے اسلامک اسٹڈیزمیںاور۱۹۷۰ء قاہرہ یونیورسٹی سے عربی ادب میں ڈبل ایم اے کیا اور ۱۹۸۰ء میںنائیجیریا کی احمد بیلو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے زندگی بھر درس و تدریس اور علم وتحقیق کا علم بلند کیے رکھا اور ملک وبیرون ملک علم و عرفان کی شمع فروزاں کیے رہے۔جامعہ ازہر سے فراغت کے بعد قاہرہ ریڈیواسٹیشن اور بعدازاں جرمنی ریڈیواسٹیشن سے بحیثیت اناؤنسروابستگی رہی۔احمدبیلو یونیورسٹی نائیجریامیں بھی آپ نے تدریسی فرائض انجام دیے۔پھرلندن میں دی مسلم کالج کے پروفیسرہوگئے۔

ڈاکٹرصاحب جہاں بھی رہے اپنی بلاکی ذہانت اورمحنت ولگن کی وجہ سے ممتازرہے۔انہوں نے ایک ماہ میں قرآن کریم حفظ کیااوراسے تراویح میں سنایا۔آپ نے تدریس وصحافت کے علاوہ متعددکتابوں کی تحقیق فرمائی جن میں تحقیق دراسہ تفسیر ضیاء التاویل فی معانی التنزیل (رسالۂ پی ایچ ڈی)، تحقیق شعب الایمان للبیہقی، تحقیق کتاب الامثال للاصفہانی، تحقیق کتاب امثال الحدیث للزامہرمزی، تحقیق کتاب الزہدلابن ابی عاصم، تحقیق تفسیر سورہ الاخلاص وتحقیق تفسیرسورۃ النورلابن تیمیہ وغیرہ قابل ذکرہیں۔