ڈاکٹر ذاکر حسین کے یوم پیدائش پر صدر کا خراج عقیدت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
ڈاکٹر ذاکر حسین کے یوم پیدائش پر صدر کا خراج عقیدت
ڈاکٹر ذاکر حسین کے یوم پیدائش پر صدر کا خراج عقیدت

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے ملک کے سابق صدرجمہوریہ ڈاکٹرذاکرحسین کے یوم پیدائش کے موقع پر آج راشٹرپتی بھون میں انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔

ڈاکٹر ذاکر حسین کی پیدائش حیدر آباد میں 8 فروری 1897 کو ہوئی۔ ابتدائی تعلیم انھوں نے حیدر آباد میں ہی حاصل کی جب کہ ہائی اسکول کی تعلیم انھوں نے ایٹاوا سے مکمل کی۔

اس کے بعد کی تعلیم انھوں نے محمڈن اینگلو اورینٹل کالج سے حاصل کی۔ بعد ازاں وہ ملک کی آزادی اور جدید تعلیم کو فروغ دینے سے متعلق سرگرمیوں میں جٹ گئے۔ جب کچھ اسٹوڈنٹس اور ٹیچرس کے ایک گروپ نے ساتھ مل کر نیشنل مسلم یونیورسٹی کا قیام کیا تو اس میں ذاکر حسین بھی شامل تھے اور اس وقت ان کی عمر محض 23 سال تھی۔

یہ یونیورسٹی 1925 میں دہلی کے قرول باغ اور پھر 1935 میں جامعہ نگر منتقل ہو گئی جو آج جامعہ ملیہ یونیورسٹی کے نام سے مقبول ہے۔ اس دوران انھوں نے انگریزی حکومت کے خلاف آواز بھی بلند کی اور تحریک عدم تعاون میں سرگرم کردار نبھایا۔

اس وجہ سے انھیں قید و بند کی صعوبتیں بھی جھیلنی پڑیں۔ بعد ازاں انھوں نے معاشیات میں پی ایچ ڈی کے لیے جرمنی کا سفر کیا اور پھر واپسی کے بعد دوبارہ ہندوستان کی آزادی کی جنگ میں جڑ گئے۔ انھوں نے مہاتما گاندھی اور حکیم اجمل خان کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے ہندوستان کو ایک ایسا تعلیمی نظام دینے کی کوشش کی جہاں جدید ملّی تعلیم کو فروغ حاصل ہو۔

ان کی کاوشوں کو دیکھتے ہوئے ہی ملک کی آزادی کے بعد انھیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا وائس چانسلر بنایا گیا۔ بعد ازاں وہ ملک کے تیسرے اور پہلے مسلم صدر بھی بنائے گئے۔ ان کا انتقال 3 مئی 1969 کو دہلی میں ہوا۔