پارلیمنٹ میں ہوگی صدر کووند کی الوداعی تقریب

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-07-2022
پارلیمنٹ میں ہوگی صدر کووند کی الوداعی تقریب
پارلیمنٹ میں ہوگی صدر کووند کی الوداعی تقریب

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

ملک کے سبکدوش ہونے والے صدر رام ناتھ کووند کی الوداعی تقریب ہفتہ کی شام پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں منعقد ہونے والی الوداعی تقریب میں نائب صدر وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین پارلیمنٹ بھی موجود ہوں گے۔

 صدر کووند کے لیے منعقد کی گئی اس الوداعی تقریب میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا ان کے لیے الوداعی تقریر کریں گے اور ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے صدر جمہوریہ کو ایک توصیف بھی دیں گے۔

شیڈول کے مطابق صدر کووند کو ممبران پارلیمنٹ کے دستخط شدہ ایک یادداشت اور دستخطی کتاب بھی پیش کی جائے گی۔ اراکین پارلیمنٹ کے دستخطوں کے لیے دستخطی کتاب 18 جولائی سے 21 جولائی تک پارلیمنٹ ہاؤس کے سینٹرل ہال میں رکھی گئی تھی جس پر دونوں ایوانوں کے اراکین پارلیمنٹ نے اپنے اپنے دستخط کیے تھے۔

صدر رام ناتھ کووند کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد کووند نئی دہلی میں 12 جن پتھ پر واقع بنگلے میں شفٹ ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ آنجہانی سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کئی دہائیوں تک اس بنگلے میں مقیم تھے۔ ان کی موت کے بعد یہ بنگلہ ان کے بیٹے اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے خالی کر دیا تھا۔ 12 جن پتھ پر واقع یہ بنگلہ رام ناتھ کووند کا نیا پتہ ہونے جا رہا ہے۔

جمعہ کی شام کو وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے صدر کووند کے لیے الوداعی ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔

دہلی کے اشوکا ہوٹل میں منعقدہ الوداعی ضیافت میں مرکزی حکومت کے وزراء، حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے کئی تجربہ کار لیڈروں کے ساتھ ساتھ کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی۔

اس الوداعی ضیافت کے لیے ملک بھر سے کئی قبائلی رہنماؤں اور پدم ایوارڈ یافتہ افراد کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔