بھوپال- : اٹکھیڑی میں ہونے والے 78ویں تبلیغی اجتماع کی سکیورٹی اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یہ اجتماع 14 سے 17 نومبر تک ہوگا، حکام نے جمعرات کو بتایا کہ یہ سالانہ اجتماع ملک اور بیرونِ ملک سے لاکھوں شرکاء کو اپنی طرف کھینچتا ہے اور اسے ملک کے سب سے بڑے اسلامی اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے۔
انتظامیہ نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ بھوپال رورل اور بھوپال سٹی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک محکموں نے مل کر چار روزہ پروگرام کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے منصوبہ تیار کیا ہے۔
ڈی آئی جی راجیش چندیل نے بتایا کہ مختلف یونٹوں سے فورس تعینات کی گئی ہے تاکہ مجمع پر مؤثر قابو رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا، "یہ تبلیغی اجتماع کا 78واں سال ہے... بہت بڑا پروگرام ہے... اس وقت تقریباً 3,000 لوگ باہر سے آ چکے ہیں، اور ہمارے بھوپال رورل اور سٹی پولیس کے ساتھ اضافی فورس بھی موجود ہے۔ کل ملا کر ہماری فورس تقریباً 4 سے 5 ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہوگی۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ اٹکھیڑی جانے والے تمام راستوں پر ٹریفک اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
"تمام راستوں پر ضلعی ایس پیز نے الگ الگ انتظامات کیے ہیں تاکہ بھیڑ پر قابو رکھا جا سکے اور ٹریفک جام نہ ہو۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ پروگرام پُرامن اور منظم انداز میں مکمل ہوگا،" چندیل نے کہا۔
ادھر، اجتماع کمیٹی نے بتایا کہ قیام و طعام اور دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔کمیٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر عمر حفیظ نے بتایا، "تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ ہم نے آج ایک مشق بھی کی تاکہ یقین ہو جائے کہ سب کچھ درست کام کر رہا ہے، اور کسی بھی طرح کی کمی باقی نہیں ہے۔"
انہوں نے بتایا کہ شرکاء کے اندراج اور رہائش کے لیے الگ نظام بنایا گیا ہے۔"ملک کے مختلف حصوں سے آنے والوں کے لیے پانچ رجسٹریشن کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔ اندراج کے بعد انہیں رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ اندرونی طور پر تقریباً 1 لاکھ 80 ہزار افراد کی گنجائش ہے -کمیٹی کے مطابق تقریباً 35 ہزار رضاکار اجتماع کے دوران ہجوم، نظم و نسق اور دیگر انتظامی امور کی دیکھ بھال کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
اس سال بھوپال میں ہونے والا تبلیغی اجتماع پہلے سے زیادہ شاندار اور منظم انداز میں منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں تقریباً 12 لاکھ (1.2 ملین) زائرین کی شرکت متوقع ہے۔ یہ عالمی اجتماع صرف تین ممالک ۔ بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش ۔ میں منعقد ہوتا ہے۔ اجتماع کمیٹی نے گزشتہ سال کے مقابلے میں تمام انتظامات میں 20 فیصد اضافہ کیا ہے تاکہ آنے والے زائرین کے بڑے ہجوم کو بہتر طور پر سہولت فراہم کی جا سکے۔
وسیع سہولیات اور انتظامی تیاریاں
اجتماع کمیٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عمر حفیظ کےمطابق،مرکزی پنڈال کا رقبہ 100 ایکڑ سے بڑھا کر 120 ایکڑ کر دیا گیا ہے، جبکہ حفاظتی وجوہات کی بنا پر اس کی گنجائش 1 لاکھ 80 ہزار سے کم کر کے 1 لاکھ 40 ہزار زائرین رکھی گئی ہے۔ پارکنگ ایریا کو بھی وسعت دے کر 300 ایکڑ سے زیادہ کر دیا گیا ہے، جس میں 70 مخصوص پارکنگ زون بنائے گئے ہیں تاکہ ٹریفک رواں دواں رہے،روشنی، آواز، پانی کی فراہمی اور کھانے کے انتظامات میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔ خدمت کے علاقوں میں اضافی ٹیوب ویل اور واٹر ٹینکرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ لمبی قطاروں سے بچا جا سکے۔
30 ہزار رضاکار اور مشترکہ سکیورٹی نظام
پورے اجتماع کی نگرانی 30 ہزار تربیت یافتہ افراد کر رہے ہیں، جن میں 25 ہزار رضاکار اجتماع کمیٹی کے ہیں، جب کہ 5 ہزار اہلکار میونسپل کارپوریشن، انتظامیہ اور پولیس سے وابستہ ہیں۔ ان کی توجہ ہجوم کے نظم و ضبط، صفائی (جہاں جھاڑو لگانے والے رضاکار اپنے ساتھ تھیلے رکھتے ہیں تاکہ کوڑا کرکٹ نہ پھیلے) اور سکیورٹی پر مرکوز ہے۔آگ بجھانے والے یونٹ، طبی امدادی ٹیمیں اور ٹریفک کنٹرول کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کو نئے سرے سے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ زائرین کی آمد و رفت آسانی اور سکون سے ہو سکے۔
عمر حفیظ نے مزید کہا کہ سکیورٹی ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے، اس لیے مختلف پولیس کمپنیاں یہاں تعینات کی گئی ہیں۔ پولیس کے ساتھ ہمارے رضاکار بھی مدد کر رہے ہیں۔ ایک نگران ٹیم بھی بنی ہے، جو کسی مشتبہ شخص یا چیز کی اطلاع فوراً پولیس کو دے گی۔