نئی دہلی: اداکار شرمن جوشی نے بتایا کہ عظیم اداکار اور اُن کے سسر پریم چوپڑا شدید ’’ایورٹک اسٹینوسِس‘‘ کے مرض میں مبتلا ہیں اور انہوں نے بہترین علاج فراہم کرنے پر ڈاکٹروں کی تعریف کی ہے۔ ’میو کلینک‘ کی تعریف کے مطابق ’’ایورٹک اسٹینوسِس‘‘ دل کے والوز کی بیماری کی ایک قسم ہے، جسے ’’والویولر‘‘ دل کی بیماری بھی کہا جاتا ہے۔
اس میں ایورٹک والو تنگ ہو جاتا ہے اور پوری طرح کھل نہیں پاتا، جس سے دل سے شہ رگ اور پھر جسم کے دیگر حصوں تک جانے والے خون کے بہاؤ میں کمی یا رکاوٹ آ جاتی ہے۔ ’’3 ایڈیٹس‘‘، ’’رنگ دے بسنتی‘‘ اور ’’گولمال‘‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور جوشی نے پیر کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کئی تصاویر شیئر کیں اور ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا، اپنے خاندان کی جانب سے، میں اپنے سسر پریم چوپڑا کو معزز کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر نیتن گوکھلے اور انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر رویندر سنگھ راؤ کی طرف سے دیے گئے بہترین علاج کے لیے دل سے شکر گزار ہوں اور ان کی تعریف کرنا چاہتا ہوں۔
جوشی نے بتایا، وہ اب گھر آ گئے ہیں اور کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ہم انہیں ملے غیر معمولی تعاون اور دیکھ بھال کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔ چوپڑا (92) کو گزشتہ ماہ ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ انہیں وائرل انفیکشن اور بڑھتی عمر سے متعلق تکالیف ہیں۔ شرمن جوشی کی شادی پریم چوپڑا کی بیٹی پرینہ چوپڑا سے ہوئی ہے۔