نئی دہلی۔ مغربی بنگال اور آسام میں کل اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اِس کے لئے سبھی انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے چناؤ مہم کے کل آخری دن حکمراں ترنمول کانگریس اور اُس کی حریف بی جے پی نے روڈ شو اور عوامی جلسوں کا انعقاد کیا اور دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں نے زوردار تقریریں کیں۔ ریاست میں کَل 30 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
اِدھر انتخابی کمیشن نے ووٹنگ کے لئے سبھی تیاریاں کرلی ہیں۔ چناؤ اہلکاروں کی ٹیمیں آج شام تک اپنے اپنے پولنگ مرکزوں پر پہنچ جائیں گی۔ دوسرے مرحلے کے تحت جن اسمبلی حلقوں میں انتخابات ہونے ہیں، اُن میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ دیگر ریاستوں سے متصل سرحدوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
انتخابی کمیشن نے پولنگ کیلئے مکمل طور پر پُرامن اور ے خوف ماحول بنانے کیلئے مرکزی مسلح پولیس فورس کی، بڑی تعداد میں تعیناتی کی ہے۔ اِسی دوران بی جے پیترنمول کانگریس اور سنیکت مورچے کے سینئر رہنماؤں نے اپنی انتخابی مہم اُن حلقوں میں منتقل کر دی ہے، جہاں تیسرے اور چوتھے مرحلے کے تحت پولنگ کرائی جائے گی۔
آسام میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے چناؤ مہم کل شام ختم ہوگئی۔ وہاں بارش ہونے اور خراب موسم کی وجہ سے اِس میں رکاوٹ پڑی۔ اِس مرحلے میں کل 39 سیٹوں کے لئے پولنگ ہوگی۔ 345 اُمیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ 73 لاکھ سے زیادہ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔
اِس مرحلے میں جن سیٹوں کے لئے پولنگ ہوگی اُن میں سے بیشتر سیٹوں پر این ڈی اے اور کانگریس کی سربراہی والے مہاجوت کے درمیان سیدھا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ اس مرحلے میں بی جے پی نے 34 امیدوار کھڑے کئے ہیں جبکہ کانگریس نے 28، آسام جاتیہ پریشد نے 19، اے آئی حو ڈی ایف نے 7، اَسم گَن پریشد نے 6 اور بی پی ایف نے 4 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ البتہ اِس چناؤ میں سابق وزیراعلیٰ اور اَسم گَن پریشد کے رہنما پرفُل کمار مہنتا انتخابی میدان میں نہیں ہیں، جنہوں نے 35 سال تک بہرام پور سیٹ کی نمائندگی کی ہے۔