اب یو پی اے جیسا کوئی اتحاد نہیں: ممتا بنرجی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
اب یو پی اے جیسا کوئی اتحاد نہیں: ممتا بنرجی
اب یو پی اے جیسا کوئی اتحاد نہیں: ممتا بنرجی

 

 

ممبئی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی نے بدھ کو ممبئی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے کانگریس کو نشانہ بنایا۔ مگر سب سے اہم بات جو کہی وہ یہ رہی کہ’’ اب یو پی اے جیسا کچھ نہیں ہے‘‘۔ تمام ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ پوار اور ممتا کی ملاقات کے سیاسی حلقوں میں کئی معنی ہیں۔

کانگریس سے بڑھتی ہوئی دوری اور این سی پی سربراہ سے ملاقات نے بھی سیاسی درجہ حرارت بڑھا دیا ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اگلے سال پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ممتا نے یہ بھی کہا کہ میں ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار سے ملنے مہاراشٹر آئی تھی۔ آج ملک میں جو فسطائیت چل رہی ہے اس کے خلاف ملک میں ایک مضبوط متبادل قوت پیدا کی جائے۔ اس لیے میں سیاسی گفتگو کے لیے شرد پوار کے پاس آئی ہوں۔ ساتھ ہی پوار نے کہا کہ ہم نے ممتا بنرجی سے بات چیت کی ہے۔

آج کے حالات میں قومی سطح پر ہم خیال جماعتوں کو اکٹھا ہونا چاہیے اور اجتماعی قیادت کے لیے مضبوط متبادل کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ہم 2024 کے عام انتخابات کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔

بتا دیں کہ ممتا بنرجی مہاراشٹر کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے منگل کو مہاراشٹر کے رہنماؤں آدتیہ ٹھاکرے اور سنجے راوت سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد آدتیہ ٹھاکرے نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم ممبئی میں ان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم اس سے پہلے تقریباً 2-3 سال پہلے ملے تھے جب وہ مہاراشٹر آئی تھیں۔ ہم اس دوستی کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس ملاقات میں کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیو سینا نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خرابی صحت کی وجہ سے ریاست کے وزیر اعلیٰ اور شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے ممتا بنرجی سے ملاقات نہیں کر پائیں گے تاہم اس دورے پر آنے سے پہلے ممتا نے کہا تھا کہ وہ ادھو سے بھی ملاقات کریں گی۔

ممتا، ممبئی آنے سے پہلے دہلی میں تھیں۔ دہلی میں اپنے قیام کے دوران کانگریس لیڈر کیرتی آزاد، ہریانہ کانگریس کے سابق سربراہ اشوک تنور، جے ڈی یو کے سابق راجیہ سبھا ایم پی پون ورما نے ٹی ایم سی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ ٹی ایم سی میں دوسری پارٹیوں سے لوگوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کا سب سے زیادہ نقصان کانگریس کو ہو رہا ہے۔ آسام اور میگھالیہ میں بھی کانگریس کے کئی لیڈر ٹی ایم سی میں شامل ہو چکے ہیں۔

یہی نہیں، ممتا نے کچھ دن پہلے دہلی پہنچنے پر کہا تھا کہ وہ کانگریس کی ورکنگ صدر سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کریں گی۔ تاہم یہ ملاقات نہیں ہو سکی۔ اس کے بعد سے سیاسی حلقوں میں دونوں جماعتوں کے درمیان فاصلے کے حوالے سے مختلف باتیں منظر عام پر آ رہی ہیں۔