دہلی میں پی ایف آئی کے پروگرام پر پولس کی روک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 30-07-2022
دہلی میں پی ایف آئی کے پروگرام پر پولس کی روک
دہلی میں پی ایف آئی کے پروگرام پر پولس کی روک

 

 

نئی دہلی: متنازع تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا کا آج دہلی میں منعقد ہونے والا پروگرام منسوخ کر دیا گیا ہے۔ پی ایف آئی آج راجدھانی کے جھنڈے والان میں ایک عوامی کانفرنس منعقد کرنے والی تھی۔ یہ پروگرام جھنڈے والان کے امبیڈکر بھون میں دوپہر 2.30 بجے شروع ہونا تھا لیکن اب اس پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

دہلی پولیس نے اسے روک دیا۔ وشو ہندو پریشد نے پی ایف آئی کے پروگرام کو روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پروگرام کے خلاف احتجاج میں وی ایچ پی نے دہلی کے پولیس کمشنر کو ایک خط لکھا تھا۔ خط میں پی ایف آئی کے پروگرام کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔

پروگرام کو روکنے کے بعد پی ایف آئی کی جانب سے کہا گیا کہ تنظیم کی جانب سے آج دوپہر 2.30 بجے دہلی شاہین باغ میں پریس کانفرنس کی جائے گی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ پی ایف آئی تنظیم پر دہشت گردی کے واقعات، کئی فسادات اور قتل کے الزامات ہیں۔ دہلی کے جہانگیرپوری فسادات میں پولس نے پی ایف آئی کا نام لیا تھا۔

یہی نہیں راجستھان کے ادے پور میں کنہیا لال کا بہیمانہ قتل ہو یا مہاراشٹر کے امراوتی میں امیش کولہے کا بہیمانہ قتل، ان کے پیچھے بھی پی ایف آئی کی کارستانی بتائی جارہی ہے۔ماضی قریب میں بہار میں پی ایف آئی سے وابستہ لوگوں کو دہشت گردی کے ماڈیول کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

این آئی اے نے بانکا میں پی ایف آئی سے وابستہ چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے بھاری مقدار میں قابل اعتراض مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ 28 جولائی کو این آئی اے نے پٹنہ دہشت گردی ماڈیول کیس کے سلسلے میں دربھنگہ میں تین مشتبہ افراد نورالدین، ثناء اللہ اور مستقیم کے گھر پر چھاپہ مارا۔

مبینہ طور پر یہ تینوں پی ایف آئی کے فعال ممبر ہیں۔ اس کے بعد بانکا میں گرفتاریاں ہوئیں۔ ملزم نورالدین کو حال ہی میں اتر پردیش کے لکھنؤ سے گرفتار کیا گیا تھا جو اس وقت پٹنہ جیل میں بند ہے۔ ثناء اللہ اور مستقیم مفرور ہیں۔