پی ایم مودی نے رکھا نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کا سنگ بنیاد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 25-11-2021
پی ایم مودی نے رکھا نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کا سنگ بنیاد
پی ایم مودی نے رکھا نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کا سنگ بنیاد

 


آواز دی وائس،نوئیڈا

وزیراعظم نریندر مودی نے آج نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے/ زیور ہوائی اڈے کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔

اس موقع پرپی ایم مودی نے کہا کہ زیور ہوائی اڈہ رابطہ آسان بنائے گا۔ یہ یوپی کو براہ راست بین الاقوامی منڈیوں سے جوڑ دے گا۔ کسان پھل، سبزیاں، مچھلی تیزی سے برآمد کر سکیں گے۔ میرٹھ کی کھیلوں کی صنعت، آگرہ کے پیٹھا کو غیر ملکی بازار تک پہنچنا آسان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کےبعد یوپی کو طعنے سننے پر مجبور کیا گیا۔ کبھی غربت کا طعنہ، کبھی گھوٹالوں کا طعنہ، کبھی خراب سڑکوں کا طعنہ، کبھی مافیا کا طعنہ۔

اس سے قبل ریاست اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدیتہ ناتھ نے کہا تھا کہ جناح کے پیروکاروں نے گنے کی مٹھاس میں کڑواہٹ ملا دی تھی۔ گنے کی مٹھاس کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کے لیے یہ ایئرپورٹ بہت اہم ہوگا۔

جب کہ شہری ہوابازی کے وزیر جیوتی رادھتیہ سندھیا نے کہا کہ زیورکے لوگوں کی آنکھوں میں ایک نئی چمک نظر آ رہی ہے۔ ایک خواب تھا جو سچ ہونے جا رہا ہے۔

پی ایم مودی اس خواب کو پورا کرنے کے اپنے عزم کو پورا کرنے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کا خواب تھا کہ ایشیا کا سب سے بڑا ایئرپورٹ بنایا جائے گا۔

اس سرزمین پر 34 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ ایئرپورٹ دہلی کے ایئرپورٹ سے بڑا ہوگا۔ زیور کو سڑک، ریل اور میٹرو سے بھی جوڑا جائے گا۔ ہوائی اڈہ نوئیڈا، غازی آباد اور اس کے اطراف کی ترقی کا باعث بنے گا۔ ایک لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی۔

اس سے پہلے ملک میں صرف 74 ہوائی اڈے تھے۔ اب یہ 136واں ہوائی اڈہ بن  جائے گا.

یوپی جس میں صرف 4 ہوائی اڈے تھے اب 9 ہو گئے ہیں۔آئندہ 17ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ نوئیڈا اتھارٹی کے خلاف یکم ستمبر سے دھرنے پر بیٹھے 60 سے زیادہ کسانوں کو پولیس نے وزیر اعظم کی آمد سے پہلے ہی حراست میں لے لیا۔ان کسانوں کو غازی آباد پولیس لائنز میں رکھا گیا ہے۔ کسانوں نے آج زیور جاکروزیراعظم کو میمورنڈم سونپنے کا اعلان کیا تھا۔