کانگریس بنارہی ہے، مودی کو طاقتور: ممتا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-10-2021
کانگریس بنارہی  ہے، مودی کو طاقتور: ممتا
کانگریس بنارہی ہے، مودی کو طاقتور: ممتا

 


آواز دی وائس،پنجی

ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سپریمو اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتہ کو گوا میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی زیادہ طاقتور ہو جائیں گے کیونکہ کانگریس پارٹی سیاست میں سنجیدہ نہیں ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے ملک کی سب سے پرانی پارٹی پر فیصلہ نہ لینے کا الزام لگایا۔

بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی کی 'داداگیری' کافی ہے۔ ساحلی ریاست پنجی کے اپنے تین روزہ دورے کے آخری دن میڈیا کے نمائندوں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ ملک کو نقصان ہو رہا ہے کیونکہ کانگریس فیصلے نہیں لے سکتی۔

خیال رہے کہ گوا میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممتا نے کہا کہ میں ابھی سب کچھ نہیں کہہ سکتی کیونکہ کانگریس پارٹی نے سیاست کو سنجیدگی سے نہیں لیا، کانگریس کی وجہ سے مودی زیادہ طاقتور ہوتے جارہے ہیں، اگرکوئی فیصلہ نہیں لے سکتا، تو ملک کو اس کا خمیازہ کیوں بھگتنا پڑے گا؟

وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ کانگریس کو موقع ملا، انہوں نے بی جے پی کے خلاف لڑنے کے بجائے میری ریاست میں میرے خلاف الیکشن لڑا۔

ممتا نے یہ بھی کہا کہ ٹی ایم سی انتخابات میں علاقائی پارٹیوں کے لیے سیٹوں کی تقسیم پر یقین رکھتی ہے۔

ٹی ایم سی نے اعلان کیا ہے کہ وہ گوا کے آئندہ انتخابات میں تمام 40 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔

ممتا نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ علاقائی پارٹیاں مضبوط ہوں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی ڈھانچہ مضبوط ہو۔ ہمیں ریاستوں کو مضبوط بنانا چاہیے، اگر ریاستیں مضبوط ہوں گی تو مرکز مضبوط ہو گا۔ ہم دہلی کی داداگیری نہیں چاہتے۔