نئی دہلی/ آواز دی وائس
بدھ کے روز دو روزہ بھوٹان کے دورے سے واپسی کے فوراً بعد، وزیرِاعظم نریندر مودی نے قومی دارالحکومت میں واقع لوک نائک جے پرکاش نارائن (ایل این جے پی) اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ دہلی دھماکے میں زخمی ہونے والوں سے ملاقات کی۔
دہلی پہنچنے کے فوراً بعد وزیرِاعظم مودی سیدھے ایل این جے پی اسپتال گئے، جہاں انہوں نے زخمیوں سے بات چیت کی اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وزیرِاعظم نے ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر اعلیٰ افسران اور ڈاکٹروں نے انہیں متاثرین کی حالت اور دیے جا رہے علاج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
پیر کی شام لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک ہنڈائی i20 کار میں دھماکہ ہونے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق، دہلی دھماکے کے متاثرین کے ابتدائی پوسٹ مارٹم نتائج میں شدید چوٹوں کی نشاندہی ہوئی ہے، جن میں ہڈیوں کا ٹوٹنا اور سر پر شدید چوٹیں شامل ہیں۔
دھماکے کی لہروں سے متاثرین کے پھیپھڑے، کان اور پیٹ کے اندرونی اعضا متاثر ہوئے کانوں کے پردے، پھیپھڑے اور آنتیں پھٹ گئیں۔ دھماکہ طاقتور نوعیت کا تھا۔ موت کی وجوہات میں گہری زخمیں اور شدید خون بہنا شامل ہیں، جبکہ چوٹوں کے نشانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ متاثرین کو زور دار جھٹکے سے دیواروں یا زمین پر پھینک دیا گیا تھا۔
پوسٹ مارٹم کے دوران لاشوں یا کپڑوں پر کسی بھی قسم کے شریپنٹر (دھات کے ٹکڑے) کے آثار نہیں ملے۔ استعمال شدہ دھماکہ خیز مواد کی نوعیت کا تعین فارنزک تجزیے سے کیا جائے گا۔ زیادہ تر چوٹیں جسم کے اوپری حصے، سر اور سینے پر پائی گئیں۔ آج صبح، فارنزک سائنس لیبارٹری نے مشتبہ شخص ڈاکٹر عمر اُن نبی کی والدہ کے ڈی این اے نمونے حاصل کیے، جو مبینہ طور پر اُس i20 کار کو چلا رہا تھا جس میں 10 نومبر کو لال قلعہ کے قریب دھماکہ ہوا، جس میں آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
دریں اثنا، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے دہلی کار دھماکہ کیس کی تحقیقات کے لیے ایک “مخصوص اور جامع” ٹیم تشکیل دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ جیشِ محمد سے وابستہ ایک نیٹ ورک کی کارستانی بتایا جا رہا ہے جسے ہندوستانی ایجنسیوں نے بے نقاب کیا۔
یہ ٹیم سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور اس سے بالا افسران کی نگرانی میں کام کرے گی، تاکہ کیس کی ہم آہنگ اور گہرائی سے تفتیش کی جا سکے۔ یہ اقدام اُس کے ایک روز بعد سامنے آیا جب وزارتِ داخلہ نے دھماکے کی تفتیش این آئی اے کو سونپی، کیونکہ ابتدائی شواہد سے اس میں دہشت گردی کے زاویے کی تصدیق ہوئی تھی۔
وزیرِاعظم مودی جلد ہی کابینہ کمیٹی برائے سلامتی کا اجلاس بھی طلب کریں گے، تاکہ دہلی دھماکے کے معاملے پر تفصیلی غور کیا جا سکے۔