مودی نے کی زیلنسکی سے بات: شہریوں کو نکالنے میں مانگی مدد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-03-2022
مودی نے کی زیلنسکی سے بات: شہریوں کو نکالنے میں مانگی مدد
مودی نے کی زیلنسکی سے بات: شہریوں کو نکالنے میں مانگی مدد

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

وزیراعظم نریندر مودی نے سوموار کو روس کے ساتھ جاری تنازعہ کے درمیان یوکرین کےصدرولادیمیرزیلنسکی کےساتھ ٹیلی فون پربات چیت کی ہے اورسومی سےہندوستانی شہریوں کے انخلاء میں ان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 

حکومت ہند کے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے یوکرین اور روس کے درمیان جاری براہ راست بات چیت کو بھی سراہا۔ تقریباً35 منٹ تک جاری رہنے والی فون کال میں،  مودی نے یوکرین سے ہندوستانی شہریوں کو نکالنے میں یوکرین کی حکومت کی طرف سے دی گئی مدد کے لیے صدر زیلنسکی کا شکریہ ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری براہ راست بات چیت کی تعریف کی۔

قابل ذکر ہے کہ مودی آج روسی صدر ولادی میر پوتن سے بھی بات کریں گے۔ 24 فروری کو تنازع کے آغاز کے بعد سے جب روس نے یوکرین پرخصوصی فوجی آپریشن شروع کیا، وزیر اعظم نے دونوں رہنماؤں سے دو بار بات کی ہے۔

گذشتہ 26 فروری2022 کو وزیراعظم مودی نے یوکرین کے صدر زیلنسکی سے بات کی، جس میں انہوں نے وزیر اعظم کو موجودہ تنازعہ کی صورتحال کی وضاحت کی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ووٹنگ کے دوران ہندوستان کی غیر حاضری کے بعد زیلنسکی نے مودی سے بات کی اور یو این ایس سی میں ہندوستان کی سیاسی حمایت مانگی۔

ہندوستانی وزیر اعظم نے 24 فروری کی رات اور 2 مارچ کو دوبارہ روسی صدر سے بات کی۔ وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق اپنی آخری کال میں مودی نے یوکرین کی صورت حال کا جائزہ لیا، خاص طور پر کھارکیو میں اور دونوں رہنماؤں نے تنازعات والے علاقوں سے ہندوستانی شہریوں کے محفوظ انخلاء پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دریں اثنا یوکرین میں روس کی فوجی کارروائی کے بعد کشیدگی بڑھ گئی ہے اور حکومت نے 'آپریشن گنگا' کے تحت ہندوستانی طلباء کو نکالنے کے لیے پڑوسی ملک یوکرین سے پروازوں کا انتظام کیا ہے۔ اتوار کے روز  ہندوستانی حکومت نے کہا کہ  22 فروری 2022 سے یوکرین کے پڑوسی ممالک سے تقریباً 16,000 ہندوستانی طلباء کو یوکرین سے نکالا ہے۔