دہلی کی فضائی آلودگی کے خلاف پی ایم مودی قدم اٹھائیں: پرینکا گاندھی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-11-2025
دہلی کی فضائی آلودگی کے خلاف پی ایم مودی قدم اٹھائیں: پرینکا گاندھی
دہلی کی فضائی آلودگی کے خلاف پی ایم مودی قدم اٹھائیں: پرینکا گاندھی

 



نئی دہلی: کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے دہلی میں فضائی آلودگی کے سنگین مسئلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی، ماحولیات کے وزیر بھوپندر یادو اور دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔

پرینکا نے کہا کہ کیریل کے وایناد اور پھر بہار کے بچھواڑا سے دہلی واپس آ کر سانس لینا ایک چونکا دینے والا تجربہ تھا۔ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر لکھا: "اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب اپنے سیاسی مفادات سے اوپر اٹھ کر متحد ہوں اور اس مسئلے کے خلاف کچھ ٹھوس اقدامات کریں۔

مرکز اور ریاستی حکومتوں کو فوراً کارروائی کرنی چاہیے۔ ہم سب ایسے کسی بھی قدم کی حمایت اور تعاون کریں گے جو اس ہولناک صورتِ حال سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو۔" انہوں نے کہا کہ دہلی کے شہری ہر سال زہریلی ہوا برداشت کرنے پر مجبور ہوتے ہیں اور ان کے پاس کوئی متبادل نہیں ہوتا۔

پرینکا نے مزید کہا: "سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد، اسکول جانے والے بچوں اور بزرگوں — سب کو فوری راحت کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس آلودگی سے نمٹنے کے لیے فوری کارروائی کرنی ہوگی۔" انہوں نے وزیر اعظم مودی، وزیر ماحولیات بھوپندر یادو اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے فوری اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق، اتوار کو ہوا کی رفتار کم ہونے کے باعث آلودہ ذرات کا پھیلاؤ کم رہا، جس کے نتیجے میں دہلی کی فضائی معیار "انتہائی خراب" زمرے میں برقرار رہی۔ دارالحکومت کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) ہفتے کے روز 303 سے بڑھ کر اتوار صبح 386 تک پہنچ گیا۔

دہلی ایئر کوالٹی ارلی وارننگ سسٹم (AQEWS) کے مطابق، شمال مغرب سے آنے والی ہواؤں کی رفتار شام اور رات میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم ہو گئی، جس کی وجہ سے آلودہ ذرات کا پھیلاؤ رک گیا۔ CPCB کے “سمیر” ایپ کے مطابق، 17 مانیٹرنگ مراکز میں فضائی معیار "سنگین" زمرے میں ریکارڈ کیا گیا، جن میں وزیرپور کا AQI سب سے زیادہ 439 رہا۔ اس کے علاوہ 20 دیگر مراکز نے "انتہائی خراب" (300 سے زائد) درجے کی فضائی معیار رپورٹ کی۔