کوچ بہار: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام لگایا کہ انہوں نے ناول نگار بنکم چندر چٹرجی کو لوک سبھا میں ’بَنکِم دا‘ کہہ کر ان کی بے حرمتی کی ہے، اور مودی کو اس کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔
کوچ بہار ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بینرجی نے کہا کہ جب ملک آزاد ہوا تھا، اُس وقت وزیر اعظم کا جنم بھی نہیں ہوا تھا، لیکن پھر بھی انہوں نے بنگال کی ثقافت کے ایک عظیم ترین نمائندے کو اس انداز میں مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا:آپ (مودی) نے انہیں (بنکم چندر چٹرجی) وہ بنیادی احترام بھی نہیں دیا جس کے وہ مستحق ہیں۔ آپ کو اس کے لیے ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔
لوک سبھا میں چٹرجی کے تخلیق کردہ قومی گیت ’وندم ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر پیر کو ہوئی بحث کے دوران وزیر اعظم کے اندازِ خطاب پر اعتراض کیا گیا۔ ترنمول کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ سوگتا رائے نے ’دا‘ لفظ کے استعمال پر اعتراض کرتے ہوئے وزیر اعظم سے کہا کہ وہ اس کی جگہ ’بنکم بابو‘ کہیں۔
مودی نے فوراً اس بات کو قبول کرتے ہوئے کہا: میں بنکم ‘بابو’ کہوں گا۔ شکریہ، میں آپ کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔ پھر انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں پوچھا کہ کیا وہ اب رائے صاحب کو بھی ’دادا‘ کہہ سکتے ہیں؟
ممتا بینرجی نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر یہ پارٹی ریاست میں اقتدار میں آئی تو بنگال کی ثقافت، زبان اور وراثت کو نقصان پہنچائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ووٹر فہرست کی خصوصی گہری جانچ (SIR) کا عمل مکمل ہوتے ہی، حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت کے فوراً بعد ریاست میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا جائے گا تاکہ کوئی اسے عدالت میں چیلنج نہ کر سکے۔