مودی نے انڈگو بحران پر خاموشی توڑی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-12-2025
مودی نے انڈگو بحران پر خاموشی توڑی
مودی نے انڈگو بحران پر خاموشی توڑی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
پچھلے ایک ہفتے سے پورے ملک میں جاری انڈیگو بحران پر وزیراعظم نریندر مودی کا پہلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ مرکزی پارلیمانی اور اقلیتی امور کے وزیر کیرن ریججو نے آج (9 دسمبر، منگل) بتایا کہ وزیراعظم انڈیگو کی پروازیں منسوخ  ہونے اور تاخیر کی وجہ سے پیدا ہونے والی بدنظمی پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق، وزیراعظم مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ ایسے معاملات کی وجہ سے مسافروں کو کسی طرح کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انڈیگو کی جانب سے پروازوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی کے سبب جو نظام متاثر ہوا ہے، اس کے باوجود قواعد و ضوابط اہم ہیں، لیکن انہیں درست کرنے کا عمل عوام کے لیے غیر ضروری تکلیف کا باعث نہیں بننا چاہیے۔
انڈیگو بحران پر وزیراعظم نے کیا کہا؟
پارلیمانی امور کے وزیر کیرن ریججو نے این ڈی اے اجلاس میں وزیراعظم کے الفاظ دوہرائے۔وزیراعظم نے کہا کہ یقینی بنائیں کہ حکومت کی وجہ سے لوگوں کو کسی بھی طرح کی تکلیف نہ ہو۔ قوانین اور اصول ٹھیک ہیں، لیکن ان کا مقصد نظام کو بہتر بنانا ہونا چاہیے، نہ کہ عوام کو اذیت دینا۔
ریججو نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا کہ کوئی بھی قانون عوام پر بوجھ نہیں بننا چاہیے۔ قوانین لوگوں کی سہولت کے لیے ہوتے ہیں اور عوام کو بالکل بھی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ قابلِ غور بات ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پچھلے ایک ہفتے سے انڈیگو کے آپریشن میں شدید رکاوٹیں درپیش ہیں۔ گزشتہ منگل یعنی 2 دسمبر سے ائیرلائن روزانہ سینکڑوں پروازیں منسوخ کر رہی ہے۔ کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔ اس وجہ سے پورے ہندوستان کے ایئرپورٹس پر بدنظمی پھیل گئی ہے اور ہزاروں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں لوگ پریشان ہیں اور حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے کہ آخر کس طرح ایک ہی ائیرلائن نے پورے ملک کا ہوائی سفر کا نظام مفلوج کر دیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن  نے انڈیگو کے سی ای او پیٹر ایلبرس اور سی او او اسڈرے پو ریکواس کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے ملک بھر میں پروازوں میں رکاوٹ کی وضاحت طلب کی ہے۔