ملکھا سنگھ : اہم شخصیات کا اظہار تعزیت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ملکھا سنگھ اور وزیر اعظم نریندر مودی ۔ایک یادگار تصویر
ملکھا سنگھ اور وزیر اعظم نریندر مودی ۔ایک یادگار تصویر

 

 

نئی دہلی :ملکھا سنگھ کی موت پر ملک کی متعدد شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ آج ہم نے ایک عظیم کھلاڑی کھو دیا ہے۔کچھ روز قبل ہی میں نے ملکھا سنگھ سے بات کی تھی یہ ہماری آخری گفتگو تھی۔

وزیراعظم نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ’’ جناب ملکھا سنگھ کے انتقال کے ساتھ ہی ہم نے ایک اساطیری کردار کا کھلاڑی کھو دیا ہے جس نے قوم کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا اور ان گنت ہندوستانیوں کے دلوں میں ان کا ایک خاص مقام تھا۔ ان کی جادوئی شخصیت نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا۔ ان کے انتقال سے مجھے بہت دکھ پہنچا ہے۔ کچھ دن پہلے ہی میں ملکھا سنگھ جی سے بات کی تھی۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ ہماری آخری بات چیت ہوگی۔ کئی ابھرتے ہوئے ایتھلیٹ ان کی زندگی کے سفر سے ترغیب حاصل کریں گے۔ ان کے اہل خانہ اور دنیا بھرمیں پھیلے ان کے مداحوں کے تئیں میری تعزیت۔‘‘

وزیرداخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ملکھا سنگھ کی موت سے ایک نا پر ہونے والا خلاء پیدا ہوگیا ہے۔اتھیلیٹکس کی دنیا میں نوجوان ان سے تحریک پاتے تھے۔ہندوستان کے اس اسٹار کھلاڑی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

گلوبل اسٹار پرینکا چوپڑا جونس نے بھی سابق ایتھلیٹ کے انتقال پر غم کا اظہار کیا اور یاد کیا کہ ان کی چمک نے پہلی ملاقات کو کس طرح خصوصی بنایا۔"آپ کے پرتپاک خیرمقدم نے ہماری پہلی ملاقات کو خاص کردیا۔ میں آپ کے کردار سے متاثر ہوں، آپ کے ملک میں تعاون اور آپ کی عاجزی سے متاثر ہوں۔ اوم شانتی ملکھا جی۔ ’لواحقین کو نیک خواہشات اور دعائیں بھیج رہی ہوں۔

اداکارہ تاپسی پنو نے بھی 'فلائنگ سنگھ' کے انتقال کی افسوسناک خبر سننے کے بعد اپنے ٹویٹر ہنڈل پر ایک ٹوٹے ہوئے دل کی اموجی کے ساتھ لکھا کہ"اور وہ بہت دور اڑ گئے۔ سال2013 کے قومی ایوارڈ یافتہ فلم بھاگ ملکھا بھاگ میں ملکھا سنگھ کے کردار کو پردہ سنیما پر ادا کرنے والے فرحان اختر نے لیجنڈری ایتھلیٹ کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔

 

شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ملکھا اب ہمارے درمیان نہیں رہے، وہ میرے لئے ایک محرک تھے ، انہوں نے متعدد لوگوں کو تحریک دی۔

ملک کے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بھی ملکھا سنگھ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکھا سنگھ کی جدوجہد اورجذبہ ایک مثال تھا۔جنہوں نے نئی نسل کےلئے ایک مثال قائم کی۔ بالی ووڈ سے بھی ملکھا سنگھ کا خاص رشتہ ہوگیا تھا کیونکہ ان کی زندگی پر بنی فلم نے تمام ریکارڈ توڑ دئتے تھے اور ان کا کردار نبھانے والے فرحان اختر کی اداکاری نے فلم میں چار چاند لگا دئیے تھے۔

بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار نے اپنے ٹیوٹ میں کہا ہے کہ ملکھا سنگھ جی کی موت کی خبرنے افسردہ کردیا ہے۔مجھے ہمیشہ اس بات کا افسوس رہے گا کہ ان کا کردار فلمی پردے پر نہیں نبھا سکا۔میری دعا ہے کہ آپ سورگ میں بھی سب سے آگے ہی رہیں۔۔