پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے تک ہوسکتا ہے اضافہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
 پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے تک  ہوسکتا ہے اضافہ
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے تک ہوسکتا ہے اضافہ

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

اترپردیش اور پنجاب سمیت 5 ریاستوں میں جاری اسمبلی انتخابات کے بعد عام آدمی کو مہنگائی کے محاذ پر بڑا جھٹکا لگ سکتا ہے۔

اسمبلی انتخابات کے نتائج 10 مارچ2022 کو آنے والے ہیں، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہوسکتا ہے، کیونکہ خام تیل کی قیمت 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 95 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس سے قبل 2014 میں خام تیل کی قیمت 95 ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔ یکم دسمبر 2021 کو خام تیل کی قیمت 69 ڈالر فی بیرل تھی جو اب 95 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ یعنی ڈھائی ماہ کے اندر خام تیل کی قیمتوں میں 37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ جلد ہی 100 ڈالر کا ہندسہ عبور کر لے گا لیکن اگر بائیڈن ایران پر سے پابندیاں ہٹاتے ہیں تو اس میں 10 ڈالر کی کمی ہو جائے گی۔ اس وقت مارکیٹ میں جتنی طلب ہے اتنی سپلائی نہیں ہے جس کی وجہ سے قیمتیں 100 ڈالر سے تجاوز کرنا یقینی ہے۔

ماہرین کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے تعین میں حکومت اپنے کردار سے تو انکار کر سکتی ہے لیکن گزشتہ سالوں میں دیکھا گیا ہے کہ انتخابات کے دوران حکومت عوام کو خوش کرنے کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرتی۔

پچھلے سالوں کا رجحان بتا رہا ہے کہ انتخابی موسم میں عوام کو پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے راحت ملی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

آئی آئی ایف ایل سیکیورٹیز کے نائب صدر (کموڈٹی اینڈ کرنسی) انوج گپتا کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تیل کمپنیوں نے 3 نومبر سے پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ لیکن اس کے بعد خام تیل 15 ڈالر فی بیرل سے بھی مہنگا ہو گیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ مستقبل میں بھی اس میں تیزی آ سکتی ہے۔

ایسے میں آنے والے دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ ریٹنگ ایجنسی Icra کے نائب صدر اور کو-گروپ ہیڈ پرشانت وششت کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اوسطاً 55-60 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوتا ہے جب خام تیل 1 ڈالر فی بیرل مہنگا ہو جاتا ہے۔ ایسے میں اگر کروڈ 100 ڈالر تک پہنچ جاتا ہے تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 10 روپے تک بڑھ سکتی ہے۔