گروگرام:37 مقامات پرملی نماز جمعہ کی اجازت منسوخ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
گروگرام:37 مقامات پرملی نماز جمعہ کی اجازت منسوخ
گروگرام:37 مقامات پرملی نماز جمعہ کی اجازت منسوخ

 

 

گروگرام: ہریانہ کے سی ایم منوہرلال کھٹر کے بیان کے بعد اب گروگرام میں نماز جمعہ کے لیے نشان زد 37 مقامات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ایسے میں اب گروگرام مسلم کونسل انتظامیہ سے پوچھ رہی ہے کہ شہر کے پانچ لاکھ نمازی اب ہر جمعہ کو نماز جمعہ کہاں ادا کریں؟

کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر عوامی مقامات پر نماز کی اجازت نہیں دی جارہی ہے تو انہیں مختلف علاقوں میں جلد از جلد زمین الاٹ کی جائے جہاں وہ مسجد تعمیر کرسکیں۔ کونسل کے اہلکار اس معاملے کے سلسلے میں پیر کو ڈسٹرکٹ ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کریں گے۔گروگرام مسلم کونسل کے ترجمان الطاف احمد نے کہا کہ شہر میں تقریباً پانچ لاکھ مسلمانوں کی آبادی ہے، جس میں مقامی لوگ، مہاجرین اور دوسرے اضلاع سے کام کے لیے آنے والے لوگ شامل ہیں۔

مقامی لوگوں، ہندو تنظیم اور اب سی ایم منوہر لال کے بیان کے بعد نماز جمعہ کے لیے نشان زد 37 مقامات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اب آنے والے جمعہ سے مسلمانوں کے سامنے یہ مسئلہ کھڑا ہوگا کہ وہ اجتماعی نماز کہاں ادا کریں؟ الطاف کا کہنا ہے کہ شہر میں دیگر مذاہب کے لیے مذہبی مقامات کی کمی نہیں تو پھر دوسری بڑی آبادی کے ساتھ یہ امتیازی سلوک کیوں ہو رہا ہے۔

الطاف احمد نے کہا کہ کونسل اور کمیونٹی کے دیگر افراد نے مسجد کے لیے زمین کی الاٹمنٹ کے لیے متعدد بار درخواستیں دی ہیں۔ ہر بار عمل کو روک دیا جاتا ہے۔ کئی بار تو بیعانہ کی رقم بھی واپس کر دی گئی ہے۔

اس معاملے کو لے کر مرکزی وزیر راؤ اندرجیت سے بھی ملاقات کی گئی ہے، جب کہ سی ایم کئی کوششوں کے بعد بھی ملاقات نہیں کرسکے ہیں۔ تاہم سی ایم کے حالیہ بیان میں مقامات کو منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر دوبارہ بات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سے کمیونٹی کے لوگوں میں امید پیدا ہوئی ہے۔