پیگاسس:سپریم کورٹ نے بنائی ماہرین کی جانچ کمیٹی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پیگاسس:سپریم کورٹ نے بنائی ماہرین کی جانچ کمیٹی
پیگاسس:سپریم کورٹ نے بنائی ماہرین کی جانچ کمیٹی

 

 

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیگاسس جاسوسی کیس کی تحقیقات کرانے کی درخواستوں پر آج اپنا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک ماہرین کمیٹی تشکیل دی ہے جو سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس آر وی رویندرن کی سربراہی میں کام کرے گی۔

عدالت نے اس کمیٹی کو پیگاسس سے متعلق الزامات کی جلد تحقیقات کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔ اب 8 ہفتے بعد اس معاملے کی دوبارہ سماعت ہوگی۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ملک کے ہر شہری کی پرائیویسی کا تحفظ کیا جائے۔

پیگاسس کیس کی 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی میں سابق آئی پی ایس افسر آلوک جوشی اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف اسٹینڈرڈائزیشن سب کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سندیپ اوبرائے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ تین ٹیکنیکل کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل فرانزکس کے پروفیسر ڈاکٹر نوین کمار چودھری، انجینئرنگ کے پروفیسر ڈاکٹر پربھاکرن پی اور کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اشون انیل گماستے کے نام ہیں۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ پیگاسس کیس میں کئی صحافیوں اور کارکنوں نے درخواستیں دائر کی تھیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ تحقیقات سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی میں کرائی جائیں۔

درخواست گزاروں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملٹری گریڈ اسپائی ویئر سے جاسوسی کرنا پرائیویسی کے حق کی خلاف ورزی ہے۔ صحافیوں، ڈاکٹروں، وکلاء، کارکنوں، وزراء اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے فون ہیک کرنا آزادی رائے کے حق سے سمجھوتہ ہے۔

تحقیقاتی صحافیوں کے ایک بین الاقوامی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی کمپنی این ایس او کے جاسوسی سافٹ ویئر پیگاسس نے 10 ممالک میں 50 ہزار لوگوں کی جاسوسی کی۔ بھارت میں بھی 300 ایسے نام سامنے آئے ہیں جن کے فون پر نظر رکھی گئی۔

ان میں حکومت کے وزراء، اپوزیشن کے رہنما، صحافی، وکلاء، جج، تاجر، افسران، سائنسدان اور کارکن شامل ہیں۔ سائبر سیکیورٹی ریسرچ گروپ سٹیزن لیب کے مطابق ہیکرز کسی ڈیوائس پر پیگاسس انسٹال کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں۔

ایک طریقہ یہ ہے کہ ٹارگٹ ڈیوائس پر میسج کے ذریعے " لنک" بھیجیں۔ جیسے ہی صارف اس لنک پر کلک کرتا ہے، پیگاسس خود بخود فون پر انسٹال ہو جاتا ہے۔ 2019 میں جب پیگاسس کو واٹس ایپ کے ذریعے ڈیوائسز پر انسٹال کیا گیا تو ہیکرز نے ایک مختلف طریقہ اختیار کیا۔

اس وقت ہیکرز نے واٹس ایپ کے ویڈیو کال فیچر میں ایک بگ کا فائدہ اٹھایا۔ ہیکرز نے جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ذریعے ٹارگٹ فون پر ویڈیو کالز کیں۔ اس دوران پیگاسس کو فون میں ایک کوڈ کے ذریعے انسٹال کیا گیا۔