پیگاسس جاسوسی کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-08-2021
پیگاسس جاسوسی کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی
پیگاسس جاسوسی کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

سپریم کورٹ نے پیگاسس جاسوسی کیس میں خصوصی تفتیشی درخواست کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی ہے۔

تاہم اس دوران درخواست گزاروں کو مشورہ دیا کہ وہ عدالت کے باہر متوازی دلائل سے گریز کریں سماعت کے دوران چیف جسٹس این وی رمن ، جسٹس ونیت سرن اور جسٹس سوریہ کانت پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کہا کہ کسی کو حد سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔ ہر ایک کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنا معاملہ پیش کرے۔

عدالت نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پیگاسس جاسوسی کے مقدمے پر متوازی دلائل دینے سے گریز کریں۔

اس پر سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل ، جو درخواست گزار این رام اور ششی کمار کی جانب سے پیش ہوئے، نے کہا کہ “میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ جو معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس پر باہر بحث نہیں ہونی چاہیے۔”

جسٹس رمن نے پیگاسس کیس کی تحقیقات سے متعلق نو درخواستوں پر حکومت سے ہدایات طلب کرنے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے سولیسٹر جنرل تشار مہتا کو پیر (16 اگست) تک کا وقت دیا۔

نو درخواستوں میں مبینہ پیگاسس جاسوسی کیس کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔