پیگاسس جاسوسی کیس :سپریم کورٹ تحقیقات کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دے گی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-09-2021
سپریم کورٹ کا فیصلہ
سپریم کورٹ کا فیصلہ

 

 

نئی دہلی:سپریم کورٹ نے جمعرات کو پیگاسس جاسوسی کیس میں ایک اہم حکم دیا۔ چیف جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ سپریم کورٹ معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک تکنیکی ماہر کمیٹی تشکیل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت اگلے ہفتے اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات کے لیے باضابطہ حکم جاری کرے گی۔

 این وی رمنا نے کہا کہ عدالت جلد ہی تکنیکی کمیٹی کے ارکان کو حتمی شکل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض ماہرین نے ذاتی وجوہات کی بنا پر کمیٹی میں شامل ہونے سے معذوری ظاہر کی ہے۔ اس کی وجہ سے احکامات کے اجراء میں تاخیر ہو رہی ہے۔

چیف جسٹس نے معاملے سے وابستہ وکیل سی یو سنگھ کو بتایا کہ ہم پیگاسس جاسوسی کیس کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیکنیکل ٹیم تشکیل دیں گے۔ اس کے ساتھ چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ وہ دوسرے وکلاء کو آگاہ کریں کہ اس سلسلے میں حتمی حکم اگلے ہفتے ہماری طرف سے جاری کیا جائے گا۔

چیف جسٹس این وی رمنا کی سربراہی میں بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں ایک حکم اگلے ہفتے جاری کیا جائے گا۔ اس سے قبل 13 ستمبر کو سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ پھر درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کے موقف پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ حکومت نے پیگاسس سپائی ویئر کو عام لوگوں کی جاسوسی کے لیے استعمال کیا ہے یا نہیں۔

اس سے قبل مرکزی حکومت نے اس معاملے میں کوئی حلف نامہ داخل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ حکومت نے کہا کہ یہ قومی سلامتی کے نقطہ نظر سے اچھا نہیں ہوگا۔ مرکزی حکومت نے کہا کہ ایسا کرنے سے ملک دشمن جان سکتے ہیں کہ ہم ان پر نظر رکھنے کے لیے کیا استعمال کرتے ہیں۔ اس پر عدالت نے کہا تھا کہ آپ کوئی ایسی بات نہ بتائیں جو قومی سلامتی کے نقطہ نظر سے اچھی نہ ہو۔ لیکن ہم صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ پیگاسس سپائی ویئر کچھ لوگوں کی نگرانی کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔