کرمنل پروسیجر بل پارلیمنٹ سےمنظور

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-04-2022
امت شاہ
امت شاہ

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

راجیہ سبھا نے آج کرمنل پروسیجر ریکگنیشن بل 2022 کو سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کی اپوزیشن کی قرارداد کو 59 کے مقابلے 97 ووٹوں سے پاس کیا۔ جس کی وجہ سے اسے پارلیمنٹ سے منظوری مل گئی۔

لوک سبھا اس بل کو پہلے ہی پاس کر چکی ہے۔ ڈی ایم کے کے تروچی شیوا اور ترنمول کانگریس کے سکھیندو شیکھر رائے نے بل کو بل کی دفعات کوعوامی مفادات اور لوگوں کے بنیادی حقوق کے خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کی تجویز پیش کی تھی۔

شیوا کی تجویز کے حق میں 59 اور مخالفت میں 97 ووٹ ڈالے گئے۔ مسٹر شیوا کی تجویز کے گرنے کے بعد مسٹر رائے کی تجویز کو بے معنی قرار دیتے ہوئے اس پر ووٹوں کی تقسیم نہیں کی گئی۔ ایوان نے سی پی آئی کے ونے وشوم اور شیوا کی بل میں ترمیم کی تجاویز کو بھی صوتی ووٹ سے مسترد کر دیا۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے اس بل پر ڈھائی گھنٹے سے زیادہ کی بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس بل میں کسی بھی طرح سے آئین کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بل کا مقصد تھرڈ ڈگری کے بجائے سائنسی شواہد کی بنیاد پر عدالتوں میں سزا سنانے کی شرح کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اس بل سے کسی بھی طرح کی پرائیویسی کے حق کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی کیونکہ ڈیٹا کو نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے ایک محفوظ پلیٹ فارم پر رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیٹا کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر نہیں کیا جائے گا۔ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی ڈیٹا شیئر کرنے کے قواعد کی بنیاد پر فیصلہ کرے گی۔ بل کی دفعات کا کسی بھی طرح غلط استعمال نہیں کیا جائے گا۔