والدین اپنے بچوں کو اُردو پڑھائیں: سید وجاہت شاہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2021
علامتی تصویر
علامتی تصویر

 


 فیروز خان، دیوبند

دیوبند/سہارنپور:ریاست اترپردیش کے ضلع سہارن پور کے قصبہ دیوبند سے تعلق رکھنے والے معروف قلم کار و اردو ٹیچر سید وجاہت شاہ ان دنوں اُردو زبان و فروغ کی اشاعت کے لیے کوشاں نظر آ رہے ہیں۔

سید وجاہت شاہ نے کہا کہ حکومت کے ذریعہ لائی گئی نئی تعلیمی پالیسی میں مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس لیے ہم بہت سہولت کے ساتھ بچوں کو اردو کی تعلیم دلوا سکتے ہیں۔

اس ضمن میں حکومت کی جانب سے سروے کرائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں بتایا جاتا ہے کہ سروے میں تخمینہ لگایا جا رہا ہے کہ کتنے طلبہ و طالبات اردو زبان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

ایسے میں اردو اساتذہ کو چاہئے کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلم بچوں کو اردو سے آشنا کرائیں اوربچوں کو مطلع کریں کہ دوران سروے مادری زبان کے خانہ میں اردو کا اندراج لازمی طور پر کریں۔

انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ طلبہ و طالبات کو ذہنی طور پر مادری زبان اردو کی فلاح و بقاء کے لئے بیدار کیا جائے کہ یہ زبان ہماری تہذیب و ثقافت کی پہچان ہے۔

سید وجاہت شاہ نے طلبہ و طالبات اور سرپرستان کے ساتھ ساتھ اردو اساتذہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موضوع پر چاک و چوبند رہیں اور طلبہ و طالبات کو اردو بولنے،پڑھنے اور لکھنے کی تلقین کریں تاکہ اردو زبان کی حفاظت ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ اردو اور علاقائی زبان میں کتابیں شائع کرائی جائیں ایسے میں ہمیں عصری علوم کی کتابوں کا مطالعہ مادری زبان میں دستیاب کتابوں کے اعتبار سے کرنا چاہئے اور ویسے بھی دین و اسلام کا اہم سرمایہ بھی اب کافی حد تک اردو زبان میں منتقل ہو چکا ہے،ساتھ ہی اردو کا ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے میں ایک اہم و نمایاں کردار رہا ہے جو کسی سے بھی پوشیدہ نہیں ہے۔

سید وجاہت شاہ نے کہا کہ اعلی تعلیم کے مختلف درجات میں جدید علوم و فنون کے لئے بھی اردو میں کتابوں کا ترجمہ و کتابیں دستیاب ہیں،لہذا ہمارے بچے اپنی مادری زبان میں بھی جدید تعلیم حاصل کریں۔

انہوں نے ملک میں مختلف سرگرم اردو تنظیموں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اپنی جگہ پر صوبائی حکومتوں سے کریں۔

سید وجاہت شاہ نے حکومت سے ویکنسیز نکالے جانے سمیت رٹایرڈ ہونے والے اساتذہ کی جگہ پر ٹیچنگ کے لئے اردو اساتذہ ہ کو بھیجنے کا نظم کرنے کی درخواست کی.

واضح ہو کہ صوبہ اتر پردیش میں سال2008سے اردو استاذہ کی تقرری نہیں ہوئی ہے اور جو اساتذہ ماضی میں رکھے گئے تھے ان میں سے کچھ رٹائر ہو چکے ہیں اور کچھ رٹائر ہونے کی دہلیز پر ہیں۔