آکسیجن مین‘ساجد خان: جو بیوی کی موت اورعید کے دن بھی خدمت میں لگا رہا’

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
آکسیجن مین
آکسیجن مین

 

 

 

 شیخ محمد یونس ۔ حیدرآباد

ریاست تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے ساجد خان کورونا متاثرین کیلئے مسیحا ثابت ہورہے ہیں۔آکسیجن سلنڈرس کی مفت سربراہی کے ذریعہ وہ سینکڑوں انسانی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ساجد خان پریشان حال اور غریب کورونا مریضوں کی مدد میں مصروف تھے کہ ان کی اہلیہ کے قلب پر شدید حملہ ہوا اور وہ اپنے مالک حقیقی سے جا ملیں۔اس سانحہ کے باوجود ساجد خان کے جذبہ خدمت خلق میں کوئی کمی نہیں آئی۔اپنی اہلیہ کے انتقال کے دن اور عید الفطر کے موقع پر بھی وہ ضرورت مندوں میں آکسیجن سلنڈرس اور ادویہ کی تقسیم میں مصروف رہے۔

کورونا کے بیشتر مریض آکسیجن کی سطح میں کمی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔اس سلسلہ میں اخبارات اور سوشیل میڈیا پر خبریں دیکھنے کے بعد ساجد خان نے غریب اور ضرورت مند کورونا مریضوں کو مفت آکسیجن سلنڈرس کی سربراہی کا بیڑہ اٹھایا۔ساجد خان بلا لحاظ مذہب و ملت انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔تاحال 1600 افراد کو آکسیجن سلنڈرس کی مفت فراہمی عمل میں لائی گئی ہے اور کئی قیمتی انسانی جانوں کو بچایا گیا ہے۔ساجد خان' اے ایس کے فائونڈیشن کے تحت فلاحی و رفاہی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ریاست تلنگانہ کے چار اضلاع عادل آباد' نرمل' آصف آباد اور منچریال کے کورونا مریضوں کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ساجد خان کی جانب سے کورونا مریضوں کو نہ صرف آکسیجن سلنڈرس فراہم کئے جارہے ہیں بلکہ ادویات کا بھی نظم کیا جارہا ہے۔

غیر مسلموں کی آخری رسوم

کورونا بحران کے اس نازک اور سنگین دور میں ان کی خدمات قابل ستائش اور قابل تقلید ہیں۔کورونا کے خوف ' اپنوں اور خونی رشتوں کی دوری پر ساجد خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تقریباً15 غیر مسلمین کی آخری رسومات بھی انجام دی ہیں اس کے علاوہ 25 غریب مسلم میتوں کی تجہیز و تکفین میں بھی تعاون کیا ہے۔تمام خدمات جذبہ خدمت خلق کے تحت مفت انجام دی جارہی ہیں۔

ساجد خان کی ٹیم کا ڈاکٹر ریحان بھی حصہ ہیں۔کسی کو بھی سانس لینے میں دشواری ہوتو وہ ڈاکٹر سے رجوع ہورہے ہیں اور مریضوں کی جانچ کی جارہی ہے اور ضرورت کے مطابق آکسیجن سلنڈرس مفت فراہم کئے جارہے ہیں۔مریضوں کی حالت نازک ہونے کی صورت میں انہیں ریمس ہاسپٹل عادل آباد سے رجوع کیا جارہا ہے۔ادویہکے علاوہ ریمیڈ یسور انجکشن کی فراہمی میں بھی تعاون کیا جارہا ہے۔گھروں میں کورنٹائن میں رہنے والے افراد کے علاوہ ہاسپٹل میں زیر علاج مریضوں میں دوائیں مفت تقسیم کی جارہی ہیں۔تیمارداروں کیلئے کھانے کا بھی مفت نظم کیا گیا ہے۔ساجد خان کے پاس کوئی بھید بھائو نہیں ہے وہ بلا لحاظ مذہب و ملت انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے اپنا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ساجد خان کی جانب سے 80 فیصد غیر مسلم کورونا مریضوں کو آکسیجن سلنڈرس سربراہ کئے گئے ہیں۔

پچھلےسال بھی کی تھی خدمت

 ساجد خان نے سال گزشتہ بھی مثالی خدمات انجام دی تھیں اور سینکڑوں مائیگرینٹ ورکرس کیلئے کھانے کے نظم کے علاوہ انہیں ان کے آبائی مقامات کو پہنچایا تھا۔ضلع مستقر عادل آباد کے شانتی نگر مسجد کوثر سے متصل مفت آکسیجن تقسیم مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اس مرکز سے رجوع ہونے والے ضرورت مند افراد کو آکسیجن سلنڈرس فی الفور فراہم کئے جارہے ہیں۔ساجد خان کی خدمات کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے ۔

سریکانت ہیں شکر گزار

 ودیا نگرعادل آباد کے ساکن سریکانت ' ساجد خان کے شکر گزار ہیں ۔سریکانت کی ماں آئی سی یو میں موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا تھیں انہیں آکسیجن کی شدید ضرورت تھی، وہ آکسیجن سلنڈرس کی کمی کے باعث مایوسی کا شکار تھے۔انہیں ساجد خان کے مرکز کا پتہ چلا سریکانت ' ساجد خان کے ہیلپ لائن سنٹر پہنچے جہاں سے ان کی والدہ کیلئے تین آکسیجن سلنڈرس مفت فراہم کئے گئے ۔وہ کہتے ہیں کہ آ ج میری والدہ مکمل صحت یاب ہے۔میں ساجد خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ میری ماں کی جان بچانے میں انہوں نے مکمل تعاون کیا۔

 انہوں نے بتایا کہ عادل آباد میں ساجد خان بلا لحاظ مذہب و ملت کوویڈ سے متاثرہ افراد کیلئے ایک امید کی کرن ثابت ہورہے ہیں۔سریکانت ہی کی طرح سینکڑوں افراد ساجد خان کو دعائیں دے رہے ہیں۔ساجد خان آکسیجن سلنڈرس کی مفت فراہمی کے ذریعہ سینکڑوں انسانی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔