آکسیجن مین گورو رائے: بہار میں ڈیڑھ ہزار سے زیادہ افراد کی جان بچائی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-05-2021
آکسیجن مین
آکسیجن مین

 

 

پٹنہ:بہار کے آکسیجن مین کے نام سے مشہور گورو رائے نے گھر میں ہی الگ تھلگ رہنے والے شدید طور پر بیمار مریضوں کو آکسیجن سلینڈر مفت فراہم کرکے ریاست میں ڈیڑھ ہزار سے زیادہ افراد کی جان بچائی ہے۔

پچھلے سال کووڈ اُنیس سے صحت یاب ہونے کے بعد گورو رائے نے پٹنہ کے اپنے گھر میں ہی آکسیجن بینک شروع کیا تھا۔

بہار میں لوگ مشکل سے انھیں گورو رائے کے ان کے حقیقی نام سے جانتے ہیں، لیکن اگر کوئی ’آکسیجن مین‘ کا ذکر کرے تو آکسیجن کی فراہمی میں شدید قلت کی اس گھڑی میں کووڈ اُنیس کے سخت بیمار مریضوں کیلئے زندگی بچانے والے فرد کے طور پر لوگ انھیں فوراً پہچان جاتے ہیں۔ ایسے وقت میں جب اسپتال بستروں اور آکسیجن سلینڈروں کی کمی کی وجہ سے کووڈ اُنیس کے مریضوں کو منع کررہے ہیں، تو گورو رائے ان پریشان حال لوگوں کےلئے ایک فرشتہ بن کر سامنے آتے ہیں۔

انھوں نے بہت سے مریضوں کی مدد کی ہے اور ان کی کوششوں سے انھیں نئی زندگی ملی ہے۔ انھوں نے جولائی 2020 میں صرف 3 آکسیجن سلینڈروں سے کام شروع کیا تھا اور اب 122 سلینڈر ہیں۔ جناب رائے نے، جو کہ ایک پرائیویٹ کمپنی میں جنرل منیجر ہیں اس مقصد کیلئے اپنی تنخواہ سے ماہانہ 20 ہزار روپے اور کچھ حصہ اپنی اہلیہ کی کمائی کا بھی خرچ کرتے ہیں۔