آکسیجن ایکسپریس دہلی پہنچی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2021
آکسیجن ایکسپریس
آکسیجن ایکسپریس

 

 

نئی دہلی

قومی دارالحکومت کے مریضوں کے لئے تقریبا 70 ٹن حیات بخش آکسیجن والی پہلی آکسیجن ایکسپریس ٹرین منگل کی صبح یہاں پہنچی۔

وزیر ریلوے پیوش گوئل نے ٹوئٹر پر یہ معلومات شیئر کیں۔ انہوں نے کہا’’آکسیجن ایکسپریس چھتیس گڑھ کے رائے گڑھ سے قومی دارالحکومت میں مریضوں کے لئے آکسیجن لے کر دہلی پہنچی ہے۔

ہندوستان ریلوے کووڈ ۔19 کے خلاف ہماری لڑائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا اورملک بھر میں حیات بخش وسائل کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس آکسیجن کو دارالحکومت کے مختلف اسپتالوں میں پہنچایا جائے گا۔

گوئل نے جنوبی دہلی کے ریلوے اسٹیشن پہنچنے والی ٹرین کی 44 سیکنڈ کی ویڈیو کے ساتھ ٹویٹ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پیر کے روزچھتیس گڑھ کے رائے گڑھ میں ’جندل اسٹیل ورکس‘ سے ٹرین دہلی کے لئے روانہ ہوئی۔

ملک بھر میں آکسیجن کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر ریلوے نے حیات بخش گیس کی طلب کو پورا کرنے کے لئے مائع میڈیکل آکسیجن لانے کے لئے آکسیجن ایکسپریس ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

قومی دارالحکومت دہلی میں آکسیجن گیس کی زبردست قلت کا سامنا ہے۔ پیر کو دہلی میں کورونا کے 20،201 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی تھی اور 380 مزید افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔

دارالحکومت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد اب 10،47،916 ہوگئی ہے ، جبکہ اس وبا سے اب تک 14،628 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57،690 افراد کے کورونا ٹسٹ کئے گئے۔ اتوار کے 30.21 فیصد کے مقابلے میں مثبت شرح 35.02 فیصد پر پہنچ گئی۔ (ایجنسی ان پٹ )