ہماری بیٹیاں ہمارا فخر ہیں:وزیرتعلیم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-01-2021
وزیرتعلیم
وزیرتعلیم

 

نئی دہلی: مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال ’نشنک‘ نے نیشنل گرلز ڈے کے موقع پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بیٹیوں کو اعلی تعلیم سے آراستہ کر کے ملک کا ذمہ دار شہری بنائیں۔
بیٹیوں کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹر نشنک نے اپنے فیس بک پر لکھا’’آج نیشنل گرلز ڈے ہے۔ میں اپنے آپ کو ایک خوش قسمت فرد سمجھتا ہوں کہ ایشور کی کرپا سے مجھے تین بیٹیاں ملی ہیں۔ ہماری بیٹیاں ہمارا فخر ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا’’میں آج تمام لوگوں سے اس موقع پر اپیل کرتا ہوں کہ ہم بچیوں کی پیدائش پر جشن منائیں گے اور اعلی تعلیم سے آراستہ کر کے بیٹیوں کو ملک کا ذمہ دار شہری بنائیں گے۔ ملک کی تمام بیٹیوں کو میری دعائیں اوران کے روشن مستقبل کیلیے نیک خواہشات۔ ‘‘
دوسری طرف  نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے اتوار کے روز کہا کہ تعلیم کا مقصد محض معلومات اکٹھا کرنا نہیں بلکہ ایک بہتر انسان کی تعمیر ہونا چاہئے۔
عالمی یوم تعلیم کے موقع پر یہاں جاری ایک پیغام میں نائیڈو نے کہا کہ اساتذہ اور والدین کورونا کی وبا کے دوران تعلیم کے عمل کو برقرار رکھنے کے لئے یہ دونوں مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا ’’عالمی یوم تعلیم کے موقع پرمیں تعلیمی اداروں ، اساتذہ اور والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ طلبا کی مجموعی ترقی کے لئے ایسی تعلیم فراہم کریں جس کے ذریعے معاشرتی اقدار کو فروغ دیا جاسکے ۔ تعلیم کا مطلب صرف معلومات اکٹھا کرنا نہیں بلکہ ایک بہتر انسان بننا ہے‘‘۔
 نائیڈو نے کہا کہ اس موقع پر اساتذہ کو مبارکباد جنہوں نے وبا کے دوران بلا تعطل طلباء کی آن لائن تعلیم کو جاری رکھا اور طلباء کے تعلیمی سیشنوں کا بہترین استعمال کیا۔
(ان پٹ ایجنسی)