داداکی جائیدادمیں یتیم پوتی اوراس کی ماں کوحصہ نہیں،مسلم پرسنل لاکے تحت سپریم کورٹ کافیصلہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2022
مسلم پرسنل لاکے تحت سپریم کورٹ کافیصلہ
مسلم پرسنل لاکے تحت سپریم کورٹ کافیصلہ

 

 

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ایک مسلم بیوہ اور اس کی بیٹی کو آبائی جائیداد سے بے دخل کردیا ہے۔ یہ کیس عام نہیں ہے کیونکہ یہ قانونی جنگ 45 سال سے چل رہی تھی۔ یہ فیصلہ مسلم پرسنل لا کے تحت لیا گیا ہے جس میں جانشینی کا حق صرف ان اولادوں کو دیا گیا ہے جو اپنے بزرگ کی وفات کے وقت زندہ رہے ہوں۔

یوں 1977 میں ٹرائل کورٹ تک پہنچنے والا 45 سال پرانا مقدمہ ختم ہوا۔ یہ مقدمہ محی الدین پاشا کی جائیدادوں کی تقسیم سے متعلق تھا۔ جسٹس ایل این راؤ اور بی آر گوائی کی بنچ نے مسلم پرسنل لاء کے تحت منظور شدہ تقسیم کے منصوبے کو برقرار رکھا۔

اس کے تحت پاشا کے بڑے بیٹے رحمٰن بارید کی بیوہ اور بیٹی کو کوئی حصہ نہیں دیا گیا کیونکہ رحمان پاشا سے پہلے فوت ہو چکے تھے۔ ہندو قانون کے برعکس، اگر کوئی مسلمان شخص وصیت کیے بغیر مر جاتا ہے، تو صرف زندہ رہنے والے ورثاء کو جائیداد میں حصہ ملتا ہے۔

مسلم پرسنل لا کے تحت پیدائش کے تحت حق وراثت کو تسلیم نہیں کیا جاتا۔ جانشینی کا حق بزرگ یا آباؤ اجداد کی وفات کے وقت وجود میں آتا ہے اور اگر آباؤ اجداد زندہ ہوں تو وارث کا حق نہیں بنتا۔

اس کیس کے سامنے آنے کے بعد ایک طبقہ یکساں سول کوڈ کامطالبہ کر رہا ہے،جس کا ماننا ہے کہ اسلامی وراثت کے قانون میں یہ کمی ہے کہ مرحوم بیٹے کے بچوں کو حق نہیں دیا جاتا جب کہ وہ اپنی یتیمی کے سبب زیادہ حقدار ہیں۔دوسری طرف علما مانتے ہیں کہ قرآن میں کوئی آیت نہیں جس میں یتیم پوتے،پوتیوں کو حق وراثت سے محروم کیا جائے،نہ ہی کسی حدیث میں ایساکہاگیا ہے پھر بھی اسلامی وراثت میں یہ سلسلہ جاری ہے۔

مسلم پرسنل لا کے تحت بیٹی، آبائی جائیداد میں بیٹے کے مقابلے میں آدھے حصے کی حقدار ہے۔ پاشا کی شادی نوربی سے ہوئی تھی اور ان کے دو بیٹے رحمان اور اصغر تھے۔ نوربی کا انتقال 1944 میں ہوا۔ اس کے بعد پاشا نے مجاں بی سے شادی کی اور اس کے دو بیٹے اور تین بیٹیاں ہوئیں۔ رحمن، کی پہلی بیوی رحمت النسا سے ان کی ایک بیٹی نور جہاں تھی۔ رحمن کا انتقال 1945 میں ہوا جب کہ ان کے والد پاشا کا انتقال 1964 میں ہوا۔

رحمان کی بیوہ اور ان کے بچوں نے پاشا کی جائیداد پر حق مانگا۔ کولار عدالت نے کچھ حصہ نورجہاں کو اور باقی حصہ مجاں بی، اس کے بچوں اور اصغر کو دیا۔ لیکن اپیل پر کرناٹک ہائی کورٹ نے مسلم پرسنل لا کے تحت رحمت النسا اور نورجہاں کو جائیداد سے بے دخل کردیا۔

اب سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ منظور کرلیا۔ اس کے تحت مجاں بی کو پاشا کی جائیداد کا 8/8 حصہ ملا، اصغر اور مجاں بی کے دو بیٹوں کو 7/36 واں حصہ اور تین بیٹیوں کو 7/72 واں حصہ ملا۔