چھتیس گڑھ: وسرجن کے جلوس پرچڑھی گاڑی ایک ہلاک ، 26 زخمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-10-2021
چھتیس گڑھ:  مورتی وسرجن کے جلوس پرچڑھی گاڑی ایک ہلاک ، 26 زخمی
چھتیس گڑھ: مورتی وسرجن کے جلوس پرچڑھی گاڑی ایک ہلاک ، 26 زخمی

 

 

آواز دی وائس، جش پور

ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع جش پور میں ایک تیز رفتار کار نے مذہبی جلوس میں شامل لوگوں کو کچل دیا۔

جش پور کے پٹال گاؤں میں تقریبا 150 لوگ جلوس کی شکل میں درگا وسرجن کے لیے جا رہے تھے۔ کار کی ٹکر سے ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ، جبکہ 26 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کار گانجا سے لدی ہوئی تھی اور اسمگلر اسے اڈیشہ سے مدھیہ پردیش کے سنگرولی لے جا رہے تھے۔ واقعہ کے بعد لوگوں نے گاڑی کو آگ لگا دی۔

 اس واقعہ کے بعد لوگوں نے پیچھا کیا اور کار کے ڈرائیور کو 5 کلومیٹر دور سکھرپارہ سے پکڑ لیا۔ اس کے بعد مشتعل لوگوں نے اسے شدید مارا پیٹا۔ بڑی مشکل سے پولیس نے ملزم کو ہجوم سے بچایا۔

اسے ہجوم سے بچاتے ہوئے پولیس اسے ضلع رائے گڑھ کے کاپو تھانے لے گئی۔ لوگوں کے غصے کو دیکھتے ہوئے پولیس کو موقع پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ حادثہ پٹال گاؤں میں جمعہ کی دوپہر تقریبا  1.30 بجے پیش آیا۔ اس وقت لوگ درگا   کی مورتیوں کو دریا کے کنارے لے جا رہے تھے۔ پھر بازار کے بیچ میں پیچھے سے آنے والی ایک کار نے جلوس میں شامل لوگوں کو کچل دیا۔

گورو اگروال (21) نامی نوجوان کی گاڑی کی ٹکر سے موقع پر ہی موت ہو گئی جب کہ بینڈ بجانے والے 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔