نئی دہلی: اداکار امیتابھ بچن نے اپنے آفیشل بلاگ کی تازہ ترین پوسٹ میں لکھا ہے: "نہ کوئی اخلاقیات، نہ کوئی ذمہ داری کا احساس… بس ذاتی فائدے کا ایک ذریعہ۔" انہوں نے یہ پراسرار پوسٹ جمعہ کو شیئر کی، تاہم کسی کا نام نہیں لیا۔ 83 سالہ بچن نے تحریر کیا: "نہ کوئی اخلاقیات… نہ کوئی ذمہ داری کا احساس… بس ذاتی فائدے کا ایک ذریعہ، بغیر کسی لمحے کی پروا کیے… تکلیف دہ اور نفرت انگیز۔
" انہوں نے ’ایکس‘ پر بھی ایک پوسٹ میں لکھا: "نہ کوئی اخلاقیات… کوئی بھی اصول و ضوابط نہیں۔" بچن کی یہ پوسٹ اُس وقت سامنے آئی ہے جب ان کی فلم شعلے کے شریک اداکار دھرمیندر کی صحت کے بارے میں میڈیا میں مسلسل کوریج جاری ہے۔ گزشتہ دنوں دھرمیندر کو جانچ کے لیے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور بدھ کے روز انہیں فارغ کر دیا گیا۔ انہیں آئندہ علاج کے لیے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ چند دنوں سے میڈیا کے نمائندے اسپتال اور دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول کے گھر کے باہر جمع تھے، جس کے بعد خاندان نے نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کی تھی۔ سنی دیول نے بھی جمعرات کے دن اپنے جوہو واقع گھر کے باہر جمع فوٹوگرافروں پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔