این آئی آر ایف۔2022:جامعہ ملیہ اسلامیہ ملک کی تیسری سرکردہ یونیورسٹی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2022
این آئی آر ایف۔2022:جامعہ ملیہ اسلامیہ ملک کی تیسری سرکردہ یونیورسٹی
این آئی آر ایف۔2022:جامعہ ملیہ اسلامیہ ملک کی تیسری سرکردہ یونیورسٹی

 


 نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ، ناک کی توثیق شدہ اے پلس پلس یونیورسٹی نے وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان کی طرف سے آج جاری کردہ نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) دوہزاربائیس میں ملک کی تمام یونیورسٹیوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ نے این آئی آرایف کی گزشتہ سال کی  اپنی چھٹی رینک سے اس سال مزید بہتر مظاہرہ کیا ہے۔وزارت تعلیم،حکومت ہند نے ملک میں اعلی تعلیمی اداروں کی رینکنگ کی پہل سال دوہزار سولہ میں شروع کی تھی۔

 پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کہاکہ ’خدا کے فضل وکرم سے جامعہ ملیہ اسلامیہ لگاتار ترقی کی نئی نئی منزلیں طے کررہاہے۔یونیورسٹی تدریس،آموزش اور تحقیق کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے متواتر جدو جہد کررہی ہے۔ دوہزارسولہ کی این آئی آر ایف رینکنگس میں ہمیں تراسیواں مقام حاصل تھا جو سال دوہزاراکیس میں چھٹا مقام ہوگیا اور آج ملک کی تین سب سے اعلی یونیورسٹیوں سے ایک ہے۔ یہ سب یونیورسٹی کے مخلص اور محنتی فیکلٹی اراکین کی اعلی معیار کی مرکوز اور بامعنی تدریس اور معیاری تحقیق کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا ہے۔

 انھوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی حکومت کے وژن کو حقیقت بنانے کے لیے پابند عہد ہے اور ہم قومی اور بین الاقوامی رینکنگس میں مزید بہتر کرنے کے لیے بدستور کوشش کرتے رہیں گے۔

awazurdu

ٍ شیخ الجامعہ نے تدریس،ملازمت کے مواقع کی دستیابی اور تحقیق وغیرہ کے تناظر میں یونیورسٹی کے متعلق بہتر ہوتے احساس سے بھی اس کو جوڑ کر دیکھا ہے۔ بڑی تعداد میں درخواستوں کا موصول ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ طلبا کی ایک اہم پسند بن گئی ہے۔’ہمیں توقع ہے کہ آئندہ برسوں میں ہم اور بھی بہتر کریں گے۔شیخ الجامعہ نے مزید کہا۔

 قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی نے این آئی آر ایف کی سال دوہزار اکیس میں تحقیق کے زمرے میں تیسویں رینک کے مقابلے میں اس مرتبہ تحقیق کے زمرے میں انیسویں رینک حاصل کی ہے۔ یونیورسٹی نے آرکی ٹیکچر، انجینرئنگ، ڈینٹل اور مینجمنٹ زمروں میں بھی بہترین مظاہرہ کیاہے اور قانون کی کٹیگری کے تحت اپنی گزشتہ پوزیشن برقرار رکھی ہے۔