دہلی دھماکہ: این آئی اے کی خصوصی ٹیم کی تشکیل

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-11-2025
دہلی دھماکہ: این آئی اے کی خصوصی ٹیم کی تشکیل
دہلی دھماکہ: این آئی اے کی خصوصی ٹیم کی تشکیل

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے حالیہ دہلی کار دھماکے کی تفتیش کے لیے ایک خصوصی اور جامع تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ یہ واقعہ ایک جیشِ محمد کے نیٹ ورک سے جڑا ہوا دہشت گردانہ حملہ بتایا جا رہا ہے، جسے ہندوستانی ایجنسیوں نے بے نقاب کیا تھا، اعلیٰ ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے۔
یہ ٹیم سپرنٹنڈنٹ آف پولیس یا اس سے بلند عہدے کے سینیئر افسران کی نگرانی میں کام کرے گی، تاکہ اس معاملے کی ہم آہنگ اور گہرائی سے تفتیش کی جا سکے۔ یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب وزارتِ داخلہ نے اس معاملے میں دہشت گردی کے زاویے کو دیکھتے ہوئے باضابطہ طور پر اس کیس کی تفتیش این آئی اے کو سونپ دی تھی۔
کیس کی منتقلی کے بعد، این آئی اے نے فوری طور پر ایک مقدمہ درج کر کے تفصیلی تفتیش شروع کر دی، تاکہ اس دھماکے کے ذمہ داروں اور ممکنہ بڑے نیٹ ورک کا پتہ لگایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، ایجنسی اس معاملے میں مرکزی اور ریاستی سلامتی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہی ہے۔
دھماکے کے مختلف پہلوؤں کی تفتیش
این آئی اے اس پہلو کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا دھماکہ دانستہ تھا یا حادثاتی، تاہم یہ بات واضح ہے کہ یہ واقعہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں ایجنسیوں نے فرید آباد سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ لال قلعہ کے قریب دھماکہ دراصل سری نگر کے ناؤگام پولیس پوسٹ کے دائرہ اختیار میں پائے گئے قابلِ اعتراض پوسٹروں کے واقعے سے جڑا ہوا ہے، جس کے بعد 19 اکتوبر 2025 کو ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
گرفتار افراد کا کردار
این آئی اے مولوی عرفان احمد واغے (شاپیاں سے گرفتار) اور ضمیر احمد (واکورہ، گاندر بل سے گرفتار) کے کردار کی بھی جانچ کر رہی ہے، جنہیں 20 سے 27 اکتوبر 2025 کے درمیان گرفتار کیا گیا تھا۔ تحقیقات میں ڈاکٹر عدیل کا کردار بھی شامل ہے، جسے 5 نومبر کو سہارنپور (اتر پردیش) سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 7 نومبر 2025 کو اننت ناگ اسپتال سے AK-56 رائفل اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔ اسی سلسلے میں 8 نومبر 2025 کو الفلاح میڈیکل کالج سے مزید اسلحہ، پستول اور دھماکہ خیز مواد ضبط کیا گیا۔
فرید آباد سے بڑی برآمدگیاں
پوچھ گچھ کے دوران، الفلاح میڈیکل کالج فرید آباد کے ڈاکٹر مزمل کا نام سامنے آیا، جس کی گرفتاری کے بعد مزید انکشافات ہوئے اور بڑے پیمانے پر اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ضبط کیا گیا۔ اس کے بعد 9 نومبر کو فرید آباد کے دھوج علاقے سے ایک شخص مدراسی کو اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
سب سے بڑی کارروائی 10 نومبر کو ہوئی، جب الفلاح مسجد کے امام، حافظ محمد اشتیا ق کے گھر سے، جو میوات کے دھیرہ کالونی، فرید آباد میں رہتا تھا، 2,563 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ اس کے ساتھ مزید 358 کلوگرام مواد، ڈیٹونیٹرز اور ٹائمرز بھی ضبط کیے گئے۔ مجموعی طور پر اس نیٹ ورک سے 3,000 کلوگرام کے قریب دھماکہ خیز مواد اور بم سازی کے آلات برآمد کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر عمر کی تلاش
اس نیٹ ورک کے ایک رکن ڈاکٹر عمر، جو الفلاح میڈیکل کالج میں کام کرتا تھا، ایجنسیوں کی کارروائی تیز ہونے کے بعد فرار ہو گیا۔ این آئی اے اس کے کردار کی بھی تفصیل سے تفتیش کر رہی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ لال قلعہ کے قریب دھماکے والی گاڑی ڈاکٹر عمر چلا رہا تھا۔ دھماکے میں استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مواد بالکل وہی ہے جو فرید آباد سے برآمد ہوا تھا۔
این آئی اے اس پہلو کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا ڈاکٹر عمر نے ایجنسیوں کی کارروائی سے گھبرا کر یہ دھماکہ غصے یا مایوسی میں کیا، کیونکہ اس کے بعد ہی لال قلعہ دھماکہ پیش آیا۔