نئی دہلی: آندھرا پردیش کے ایک مشہور قتل مقدمے میں سپریم کورٹ نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کہا ہے کہ پولیس اور اقتدار کے درمیان گٹھ جوڑ نظر آ رہا ہے۔ عدالت نے وائی ایس آر سی پی کے ایم ایل سی اننتھا ستیہ ادیا بھاسکر راؤ کے خلاف 2022 کے قتل کیس کا ٹرائل 30 نومبر تک مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ مدت کے اندر سماعت مکمل ہونی چاہیے۔ اننتھا ستیہ ادیا بھاسکر راؤ پر مئی 2022 میں اپنے سابق ڈرائیور ویدی سبرامنیم کے قتل کا الزام ہے۔ بتایا گیا کہ یہ واردات پیسوں کے تنازعے کے باعث کاکیناڈا میں پیش آئی تھی۔
مقتول کا تعلق دلت برادری سے تھا۔ اس معاملے میں قتل اور درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل (انسدادِ مظالم) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ راؤ کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ یہ واقعہ اُس وقت کا ہے جب ریاست میں وائی ایس آر سی پی کی حکومت تھی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ ریکارڈ دیکھنے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ریاستی پولیس ملزم کے ساتھ ’ہوب نوبنگ‘ یعنی قریبی روابط میں تھی۔
عدالت نے اسے اقتدار اور پولیس کے درمیان واضح گٹھ جوڑ قرار دیا۔ بنچ میں جسٹس جوئے مالیا باغچی اور جسٹس وپل ایم پنچولی بھی شامل تھے۔ عدالت نے کہا کہ تفتیش اور ٹرائل میں شفافیت اور تیزی بے حد ضروری ہے۔ ستمبر 2022 میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے راؤ کی ڈیفالٹ ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ چارج شیٹ کو محض تکنیکی خامیوں کی بنیاد پر نامکمل قرار نہیں دیا جا سکتا۔
بعد ازاں دسمبر 2022 میں سپریم کورٹ نے انہیں عبوری ضمانت دے دی تھی اور کہا تھا کہ ملزم کو غیر معینہ مدت تک حراست میں نہیں رکھا جا سکتا۔ سپریم کورٹ نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو ہدایت دی کہ مقدمے کی سماعت کسی سینئر عدالتی افسر کے سپرد کی جائے، جو ہفتے میں کم از کم ایک بار سماعت کرے۔
ریاستی پولیس کو 31 مارچ تک تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ٹرائل کورٹ کو 18 اپریل 2026 تک فردِ جرم عائد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ استغاثہ کو 31 اگست تک گواہوں کے بیانات مکمل کرنے ہوں گے۔ ملزم کو صفائی کے شواہد پیش کرنے کے لیے دو ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ عدالت نے تمام عدالتوں، حتیٰ کہ ہائی کورٹ کو بھی، ٹرائل پر روک لگانے والا کوئی حکم جاری کرنے سے منع کر دیا ہے۔ ضلع سطح پر نگرانی کی ذمہ داری بھی مقرر کی گئی ہے۔