موجودہ جہیزقوانین پر نظر ثانی کی ضرورت:سپریم کورٹ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 07-12-2021
موجودہ جہیزقوانین پر نظر ثانی کی ضرورت:سپریم کورٹ
موجودہ جہیزقوانین پر نظر ثانی کی ضرورت:سپریم کورٹ

 

 

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جہیز کے معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر پابندی کے قانون کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ موجودہ قوانین پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

عدالت سے جہیز کی ممانعت کے قانون کو سخت کرنے کے ساتھ ساتھ شادی کے وقت دیے گئے زیورات اور دیگر جائیداد کو 7 سال تک لڑکی کے نام منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ معاملہ بہت اہم ہے، لیکن درخواست گزار کے لیے لا کمیشن کے سامنے اس کی تجویز دینا درست ہوگا۔ لا کمیشن اگر چاہے تو قانون کو مزید سخت کرنے پر غور کر سکتا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ شادی سے قبل پری میرج کونسلنگ کا اہتمام کیا جائے۔ اس کے لیے کریکولم کمیشن بنایا جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جہیز سماج کے لیے نقصان دہ ہے۔

اس معاملے میں عرضی گزار کی طرف سے دی گئی عرضی میں کہا گیا ہے کہ جہیز کی روک تھام کا ایک افسر ہونا چاہیے، جیسا کہ کوئی آر ٹی آئی افسر ہوتا ہے۔ عدالت ایسے احکامات نہیں دے سکتی کیونکہ یہ مقننہ کا کام ہے۔

خواتین کے نام زیورات اور جائیداد 7 سال دینے کی درخواست پر عدالت نے کہا کہ مقننہ اس پر غور کرے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ شادی سے قبل پری میرج کورس ہونا چاہیے۔

اس کے لیے کوریکولم کمیشن ہونا چاہیے، جس میں قانونی ماہرین، ماہرین تعلیم، ماہر نفسیات وغیرہ ہوں، تاکہ شادی سے پہلے جوڑے کی کونسلنگ کی جاسکے۔ شادی کے بعد رجسٹریشن لازمی ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ اس معاملے میں نوٹس جاری کیا جائے۔ اس پر جسٹس ڈی وائی۔ چندر چوڑ کی بنچ نے کہا کہ نوٹس سے کچھ نہیں ہوگا۔ آپ کی جو بھی تجویز ہے، آپ اسے لاء کمیشن کے سامنے رکھ سکتے ہیں۔ وہ اس پر غور کر سکتا ہے اور قانون کو سخت بنانے کی طرف دیکھ سکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ جہاں تک شادی سے پہلے لازمی مشاورت اور رجسٹریشن کی درخواست کا تعلق ہے، گاؤں میں یہ عملی نہیں ہے۔ اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں، کیونکہ ایسے جوڑے کو کونسلنگ کے لیے شہر جانا پڑے گا۔ یہ سب دیکھنا مقننہ کا کام ہے۔