تخلیقی ادب کے فروغ میں قومی کونسل پیش پیش:شیخ عقیل احمد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-11-2021
تخلیقی ادب کے فروغ میں قومی کونسل پیش پیش:شیخ عقیل احمد
تخلیقی ادب کے فروغ میں قومی کونسل پیش پیش:شیخ عقیل احمد

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

قومی اردو کونسل ہندوستان ہی نہیں عالمی سطح پر اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کام کرنے والا ایک بڑا ادارہ ہے جو اپنی ذمے داریوں کو محسوس کرتے ہوئے مسلسل اردو کی ترقی و ترویج کے لیے نئے نئے اقدامات کررہا ہے۔

یہ بات قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کونسل کے تخلیقی ادب پینل کی آن لائن میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اردو کونسل اردو زبان کی مقبولیت و شہرت کے دائرے کی توسیع میں سرگرم ہے۔ انھوں نے کہا کہ کونسل کے پیش نظر اردو زبان کے ساتھ معیاری تخلیقی ادب کی اشاعت بھی ہے اور اسی وجہ سے باقاعدہ تخلیقی ادب پینل تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت اردو زبان میں تخلیق کیے جانے والے ادب کاجائزہ لینے کے بعد معیاری تخلیقات کو کونسل کے زیر اہتمام شائع کیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کونسل دیگر زبانوں میں تخلیق کردہ بہترین افسانے،ناول اور کہانی وغیرہ کے تراجم بھی شائع کرتی ہے اوریہ سلسلہ ہم آیندہ بھی مزید پختگی کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

تخلیقی ادب پینل کی اس میٹنگ میں ترجمہ و تخلیق کے مختلف پروجیکٹس کا جائزہ لیا گیااور اتفاق رائے سے انھیں جلد از جلد پایہئ تکمیل تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا،نیز تخلیق و ترجمہ سے متعلق نئے پروجیکٹس پر بھی غور و خوض کیا گیا۔

کونسل کے ڈائریکٹر نے تمام ممبران کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ معیاری ادب کے انتخاب و اشاعت کے سلسلے میں ذاتی طورپر بھی اپنی تجاویز پیش کریں کہ بچوں اور بڑوں کے لیے کس قسم کی کتابیں شائع کی جانی چاہئیں۔

میٹنگ میں پینل کے چیئر مین وحشی سعید، شموئل احمد، محترمہ مہرافروز، مسٹر بلراج بخشی، محترمہ سلمی صنم،مسٹر شبیر احمد، مسٹر ملک زادہ جاوید، ڈاکٹر کلیم اللہ (ریسرچ آفیسر)، آبگینہ عارف (ٹیکنکل اسسٹنٹ)،افضل حسین خان(ریسرچ اسسٹنٹ) وغیرہ موجود تھے۔