بالاگھاٹ: نکسل کے ہاتھوں دو دیہاتی ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-11-2021
بالاگھاٹ: نکسل کے ہاتھوں دو دیہاتی ہلاک
بالاگھاٹ: نکسل کے ہاتھوں دو دیہاتی ہلاک

 

 

آواز دی وائس، بالاگھاٹ

ریاست مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ ضلع کے بیہار تھانے کے ملاکھیڈی گاؤں میں نکسلیوں نے ایک بزدلانہ حرکت کرتے ہوئے دو معصوم دیہاتیوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق نکسلیوں نے بیہار تحصیل کے مالکھیڈی گاؤں کے رہنے والے سنتوش اور جگدیش یادو کو اغوا کر کے بے دردی سے قتل کر دیا۔

قتل کے بعد نکسلی لاش کو گاؤں کے باہر لے گئے۔ نکسلیوں نے گاؤں والوں کو کیوں مارا اس کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن ماضی میں بالاگھاٹ میں پولیس کے ساتھ تصادم میں ایک انعامی خاتون نکسلائیٹ کی ہلاکت کو بھی گاؤں والوں کے قتل سے جوڑا جا رہا ہے۔

دوسری جانب بالاگھاٹ میں نکسلیوں کے ہاتھوں دیہاتی کے قتل کے بعد وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نکسلیوں کی بزدلانہ کارروائی سے نکسلیوں کا اصل چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نکسلی تشدد کو ختم کرنے کی ہماری مہم پورے عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ پوری صورت حال کا جائزہ لیا ہے اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حکومت متاثرین کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ مرنے والے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی اور خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔