مسلم ووٹ چاہئے مگر انہیں ٹکٹ نہیں دے سکتے،اویسی کا اکھلیش پرحملہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 30-01-2022
مسلم ووٹ چاہئے مگر انہیں ٹکٹ نہیں دے سکتے،اویسی کا اکھلیش پرحملہ
مسلم ووٹ چاہئے مگر انہیں ٹکٹ نہیں دے سکتے،اویسی کا اکھلیش پرحملہ

 

 

لکھنؤ۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی کہ وہ اگلے ماہ اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اقلیتی برادری کو تقسیم کرکے بی جے پی کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔

اس کے ساتھ انہوں نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور کانگریس کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ صرف مسلمانوں سے ووٹ چاہتے ہیں، لیکن انہیں انتخابی ٹکٹ دینے سے کتراتے ہیں۔

اویسی نے ایک انٹرویو میں کہا، "نام نہاد سیکولر لوگ چاہتے ہیں کہ مسلمان صرف قالین بچھا ئیں اور زندہ باد کے نعرے لگائیں۔ ٹکٹ چاہیے تو بھیک مانگنی پڑے گی… یہ ان کی منافقت ہے، دوہرا معیار ہے۔‘‘

غور طلب ہے کہ سیاسی طور پر اہم اتر پردیش میں اس بار سات مرحلوں میں پولنگ ہوگی اور اس کی شروعات ریاست کے مغربی حصے کے 11 اضلاع کی 58 سیٹوں پر 10 فروری کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔

مسلم لیڈر عمران مسعود کے ساتھ سماج وادی پارٹی کے ہنگامہ خیز تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ آپ سہارنپور سے کسی کو بلاتے ہیں، فوٹو کھینچتے ہیں اور پھر اسے دھوکہ دیتے ہیں؟

پرینکا گاندھی واڈرا کی توقیر رضا خان سے دوری کا حوالہ دیتے ہوئے اویسی نے کہا، ’’ایک مولانا کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔ پھر آپ کے چینل پر کانگریس کے ایک سینئر لیڈر کہتے ہیں کہ میرا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا، ''بدایون سے ایم پی (سنگامیترا موریہ) اب بھی بی جے پی میں ہیں، لیکن ان کے والد (ایس پی) موریہ صاحب سماج وادی پارٹی میں ہیں… کیا وہ یہ سب نہیں دیکھ سکتے؟ یوپی کے لوگ اندھے نہیں ہیں۔ آپ جو بھی کرتے ہیں ٹھیک ہے لیکن اگر ہم انصاف اور مسلمانوں کی نمائندگی کی بات کرتے ہیں تو آپ کو کوئی مسئلہ ہے؟

حیدرآباد کے ایم پی اویسی نے مزید کہا، "کل، جب اکھلیش سے مسلم امیدوار نہ لینے کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے 'گنگا جمنی تہذیب' کا ذکر کیا۔ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنی پارٹی کے امیدواروں کو چھوڑ دیں گے اور مظفر نگر ضلع سے مسلمانوں کو ایک بھی سیٹ نہیں دیں گے؟ یہ ان کا جملہ ہے۔"