مختارانصاری کی مئو کورٹ میں پیشی، الزامات طے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
مختارانصاری کی مئو کورٹ میں پیشی، الزامات طے
مختارانصاری کی مئو کورٹ میں پیشی، الزامات طے

 

 

مئو: سابق ایم ایل اے مختار انصاری جو کہ گینگسٹر ایکٹ کے سلسلے میں باندہ جیل میں نظر بند ہیں، کو آج مئو کورٹ میں پیش کیا گیا۔ اسپیشل جج ایم پی/ایم ایل اے کورٹ دنیش کمار چورسیا نے گینگسٹر کیس میں مختار انصاری سمیت چار کے خلاف الزامات طے کیے۔ ساتھ ہی اس معاملے میں گواہی کے لیے 30 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

مختار کے وکیل داروغہ سنگھ نے ایک درخواست دی اور سیکورٹی کے پیش نظر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس درخواست کو خصوصی جج نے قبول کرلیا۔ اگلے احکامات تک مختار کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سخت سیکورٹی کے درمیان پولیس ٹیم مختار کے ساتھ باندہ جیل سے مئو پہنچی۔ مئو کورٹ کمپلیکس ایک چھاؤنی بنا رہا۔ گزشتہ سماعت میں عدالت نے مختار کو ذاتی طور پر طلب کیا تھا۔ عدالت سے باہر آنے کے بعد مختار انصاری سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

میڈیا کو دور رکھا گیا۔ تاہم صحافیوں کو دیکھ کر مختار نے ہنستے ہوئے کہا کہ بولنے پر پابندی ہے۔ غیرقانونی اسلحے کے معاملے میں مختار انصاری سمیت چار لوگوں کے خلاف مئو کے دکھن ٹولہ پولیس اسٹیشن میں گینگسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اب تک مختار کو باندہ جیل سے صرف ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے جب مختار کو ضلع میں پیشی کے لیے لایا گیا ہے۔ اس کے لیے عدالت کے احاطے اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ بھی کی۔ عدالت اور اطراف میں ہر جگہ پولیس اور پی اے سی کے اہلکار تعینات تھے۔