کوروناکےمزید 3لاکھ 37 ہزار سے زائد نئے کیسز،488 ہلاکتیں،سابق پی ایم دیوگوڑامتاثر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 22-01-2022
کوروناکےمزید 3لاکھ 37 ہزار سے زائد نئے کیسز،488 ہلاکتیں،سابق پی ایم دیوگوڑامتاثر
کوروناکےمزید 3لاکھ 37 ہزار سے زائد نئے کیسز،488 ہلاکتیں،سابق پی ایم دیوگوڑامتاثر

 

 

نئی دہلی،بنگلورو: ملک میں کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2,42,676 افراد کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی اس وائرس سے چھٹکارا پانے والوں کی تعداد 3.63 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے

دریں اثنا جمعہ کو ملک میں 67 لاکھ 49 ہزار 746 افراد کو کووڈ ویکسین لگائی گئی اور اب تک ایک ارب 61 کروڑ 16 لاکھ 60 ہزار 78 افراد کو کووڈ ویکسین دی جا چکی ہے۔

ہفتہ کی صبح مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ہلاکت خیز کورونا کے 3,37,704 کیسز رپورٹ ہوئے اور اس کی شرح 17.94 فیصد رہی۔

ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تین کروڑ 89 لاکھ 3 ہزار 731 ہوگئی۔ ایکٹیو کیسز میں 94 ہزار 540 کے اضافے کے ساتھ ان کی کل تعداد 21 لاکھ 13 ہزار 365 ہو چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 488 مریضوں کی موت کے بعد اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 884 ہو گئی ہے۔ اسی عرصے میں دو لاکھ 42 ہزار 676 مریضوں کے صحت یاب ہونے سے کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تین کروڑ 63 لاکھ 1 ہزار 482 ہو گئی ہے۔

اس بیچ خبر ہے کہ سابق وزیر اعظم اور جنتا دل (ایس) کے صدر ایچ ڈی۔ دیوے گوڑا کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں، حالانکہ ان میں کورونا کی کوئی علامت نہیں پائی گئی اور ان کی حالت مستحکم ہے۔

سابق وزیر اعظم کے دفتر نے بتایا ہے کہ مسٹر دیوے گوڑا کو شہر کے منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی نے بتایا ہے کہ یہ اطلاع ملنے کے بعد کہ مسٹر دیوے گوڑا کورونا سے متاثر ہیں وہ مسٹر دیوے گوڑا اور ان کے اہل خانہ سے بات کریں گے اور منی پال اسپتال کے ڈاکٹروں سے سابق وزیر اعظم کے علاج میں تمام ضروری اقدامات کرنے کو کہیں گے۔

ایک ٹویٹ میں ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے مسٹر دیوے گوڈا کی جلد صحت یابی کی نیک تمنا کی اور کہا کہ وہ ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں سے رابطہ کریں گے اور ان کی صحت کی اطلاع شیئر کرتے رہیں گے۔

جمعہ کو ریاست میں کورونا انفیکشن کے 48,049 نئے معاملے درج ہوئے اور کورونا انفیکشن کی شرح 19.23 فیصد رہی۔ ریاست میں کورونا کے ایکٹیو معاملوں کی تعداد 3,23,143 ہے جن میں سے 2,23,000 معاملے صرف بنگلورو کے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں اس وبا سے 22 مزید مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ (ایجنسی )