پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 19 جولائی سے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2021
پارلیمنٹ
پارلیمنٹ

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

امکان ہے کہ رواں برس پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس اپنے معمول کے مطابق شروع ہوگا۔ حکومت کی جانب سے جولائی کے تیسرے ہفتے میں مانسون سیشن کے انعقاد کے اشارے مل رہے ہیں۔

اس بات کا امکان ہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 19 جولائی سے 13 اگست2021 تک کووڈ سے متعلق تمام پروٹوکول کے ساتھ ہوسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مانسون اجلاس میں تقریباً 20 سیشن ہو سکتا ہے، جوکہ تقریباً ایک ماہ تک جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس عام طور پر جولائی کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوتا ہے اور یوم آزادی سے پہلے ہی ختم ہوتا ہے۔

تاہم پارلیمانی امور سے متعلق کابینہ کمیٹیوں (سی سی پی اے) کی جانب سے مانسون اجلاس کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، جس کی صدارت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کریں گے۔

ان دنوں راج ناتھ سنگھ کے لداخ کے تین روزہ دورہ پر ہیں، لداخ سے واپسی کے بعد سی سی پی اے کا اجلاس ہونا ہے۔

اس سال کے مانسون اجلاس کے انعقاد کے طریق کار پر ابھی بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل پارلیمانی امور کے وزیر پرہاد جوشی نے کہا تھا کہ حکومت اپنے معمول کے مطابق جولائی میں مانسون کا اجلاس کر سکتی ہے۔

جب سے کوروناوائرس کی وبائی بیماری کا آغاز ہوا ہے، پارلیمنٹ کے تین اجلاسوں - بجٹ، مانسون اور سرمائی اجلاس - کو روک دیا گیا ہے۔ جیسا کہ گذشتہ برس کے موسم سرما کا اجلاس منسوخ کرنا پڑا تھا۔ وہیں مانسون کا اجلاس ، جو عام طور پر جولائی میں شروع ہوتا ہے، ستمبر کے مہینے میں شروع ہوا تھا۔

عہدیداران کو یقین ہے کہ وہ رواں سال جولائی میں مانسون کے اجلاس کا انعقاد کریں گے کیونکہ بیشتر ممبران پارلیمنٹ ، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے سکریٹریٹ کے ممبران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو کورونا وائرس ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دی جا چکی ہے۔