شنگھائی تعاون تنظیم : مودی کریں گے خطاب

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
وزیراعظم نریندر مودی
وزیراعظم نریندر مودی

 

 

 نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی 17 ستمبر 2021 کو تاجکستان کے دوشامبے میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (Shanghai Cooperation Organization) کے سربراہوں کے درمیان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کریں گے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ ہندوستانی وفد کی قیادت بھی کریں گے جب کہ وزیر خارجہ ڈی آر ایس جے شنکر دوشامبے میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔

ایس سی او سربراہی اجلاس کی صدارت تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کریں گے۔

یہ سربراہی اجلاس اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس کے قیام کو 20 برس ہوچکے ہیں، اور اسی برس یہ اپنی بیسویں سالگرہ منا رہا ہے۔

 ایسی امید کی جارہی ہے کہ اجلاس کے دوراں سربراہان گذشتہ دو دہائیوں کے دوران تنظیم کی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے اور مستقبل کے تعاون و امکانات پر بھی تبادلہ کریں گے۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے اہم امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

خیال  رہے کہ ایس سی او کا 20 واں اجلاس روسی صدر ولادمیر پوٹین کی صدارت میں 10 نومبر 2020 کو آن لائن منعقد ہوا تھا، ہندوستان کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی نے نمائندگی کی تھی۔

اس سی او کا اجلاس سال میں ایک بار منعقد ہوتا ہے۔اس میں  بیرونی خطرات کے خلاف باہمی تعاون پر زور دیا جاتا ہے۔

 اس کے علاوہ علاقائی امن واستحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اراکین کے درمیان فوجی مشقیں بھی باقاعدگی سے کی جاتی ہیں۔