شوپیاں میں مسلح تصادم، 4 جنگجو ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-03-2021
شوپیاں میں مسلح تصادم
شوپیاں میں مسلح تصادم

 

 سری نگر

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے منیہال میں شدت پسندوں کے ساتھ مسلح تصادم میں لشکر طیبہ کے چار جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر پولیس کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہونے والے اس تصادم کے بعد تلاشی مہم ابھی تک جاری ہے۔

جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ جنگجوؤں کی تحویل سے اسلحہ و گولہ باردو کے علاوہ کچھ قابل اعتراض مواد بھی ملے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے اور مہلوک جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا   فوج نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ تصادم میں چار جنگجو مارے گئے اور ان کی تحویل سے اے کے 47 رائفل اور دو پستول بر آمد کئے گئے۔

 

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق تصادم کے دوران ایک فوجی جوان بھی زخمی ہوا ہے تاہم سرکاری سطح پر ابھی اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے منیہال میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز نے گزشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد   باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔