کشمیر میں برفباری ،13 مارچ تک خراب رہے گا موسم

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
کشمیر میں برفباری ،13 مارچ تک خراب رہے گا موسم
کشمیر میں برفباری ،13 مارچ تک خراب رہے گا موسم

 

 

آواز دی وائس، سری نگر

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں دوران شب ہی برف وباراں سلسلہ شروع ہوا اورمشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں پیر کی صبح تک پانچ سینٹی میٹر برف گری تھی۔

ادھر متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کی پیش وادی کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جب کہ میدانی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں 8 مارچ2022 کو موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم نو مارچ کو موسم ایک بار پھر خراب ہونے کی توقع ہے۔

 محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد وادی میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں پیر کی صبح تک پانچ سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی تھی جب کہ گریز اور زوجیلا میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے، جب کہ سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 13 مارچ 2022 تک وادی کشمیر میں موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔