محبوبہ مفتی ایک بار پھر نظر بند

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 01-11-2021
محبوبہ مفتی ایک بار پھر نظر بند
محبوبہ مفتی ایک بار پھر نظر بند

 


اآواز دی وائس، سری نگر

 پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو پیر کے روز اننت ناگ جانے سے روکنے کے لئے ایک بار پھر خانہ نظر بند رکھا گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی کو پیر کے روز شوپیاں میں 24 اکتوبر کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہوئے گولیوں کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے شاہد احمد کے گھر تعزیت پرسی کے لئے جانا تھا۔

ایک پارٹی لیڈر نے بتایا کہ پولیس نے پیر کی صبح پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی رہائش گاہ واقع گپکار کے مین گیٹ کو مقفل کر دیا اور باہر ایک موبائل بنکر لگا دیا تاکہ وہ اننت ناگ نہ جا سکے۔

انہوں نے کہا: ’محبوبہ جی کو اننت ناگ کے مقتول نوجوان کے گھر تعزیت کے لئے جانے سے قبل ہی خانہ نظر بند کر دیا گیا‘۔
دریں اثنا محبوبہ مفتی نے بی جے پی لیڈر وکرم سنگھ رندھا وا کے کشمیریوں کی کھال ادھیڑنے کے متعلق ایک بیان کے رد عمل میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’کشمیریوں کی نسل کشی اور ان کی کھال ادھیڑنے کا مطالبہ کرنے والے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی لیکن جموں وکشمیر کے طلبا کے خلاف جیتنے والی ٹیم کے لئے تالیاں بجانے پر بغاوت کا مقدمہ عائد کر دیا جاتا ہے، ہندوستان یقیناً جمہوریتوں کی ماں ہے‘۔

خیال رہے کہ بی جے پی لیڈر وکرم سنگھ رندھاوا کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں انہیں ’ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان (کشمیری طلبا) کی ڈگریاں اور ان کی شہریت کو منسوخ کیا جانا چاہئے اور ان کی کھال ادھیڑ دی جانی چاہئے‘ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔