میرٹھ:جڑواں بھائیوں کی کورونا میں موت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-05-2021
دوہرا درد
دوہرا درد

 

 

 میرٹھ:اترپردیش کے میرٹھ کے رہنے والے گریگری ریمنڈ رافیل اپنے دو جڑواں بیٹوں کی موت کا غم منا رہے ہیں جو کورونا کی وجہ سے ایک ساتھ موت کی نیند سو گئے۔گریگری ریمنڈ رافیل کے دونوں بیٹوں کے نام جوفریڈ ورگیز گریگری اور رالفریڈ جارج گریگری تھے۔ دونوں نے ایک ساتھ کمپیوٹر انجینئرنگ کی پڑھائی کی۔ دونوں حیدر آباد کی ایک کمپنی میں ملازمت کرتے تھے۔ والد ریمنڈ رافیل نے بتایا کہ ان کے بیٹوں کو گزشتہ 24 اپریل کو تیز بخار آ گیا تھا۔ میرٹھ میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کی وجہ سے ان کے گھر کے قریب میں ہی کنٹنمنٹ زون بنا ہوا تھا۔ اسی وجہ سے ریمنڈ اپنے دونوں بیٹوں کا گھر پر ہی علاج کر رہے تھے۔

ریمنڈ رافیل نے بتایا کہ جوفریڈ ورگیز گریگری اور رالفریڈ جارج گریگری کی پیدائش 23 اپریل کو ہوئی تھی۔ ریمنڈ نے کہا کہ جب دونوں بیٹوں کا آکسیجن لیول 90 سے نیچے جانے لگا تو ڈاکٹرس نے دونوں کو اسپتال میں داخل کرانے کو کہا تھا۔ یکم مئی کو ریمنڈ نے اپنے بیٹوں کو ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرا دیا۔

دونوں کی پہلی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی تھی، لیکن کچھ ہی دنوں کے بعد ان کی دوسری آر ٹی پی سی آر رپورٹ نگیٹو آ گئی۔ ڈاکٹرس دونوں کو کورونا وارڈ سے نارمل وارڈ میں منتقل کرنے کا منصوبہ بنا ہی رہے تھے کہ 13 اپریل کو جوفریڈ کی موت ہو گئی۔ اس خبر کے بعد والد نے اپنے دوسرے بیٹے کو دہلی کے اسپتال میں منتقل کرنے کی بات کی، لیکن 14 مئی کو اس نے بھی داعیٔ اجل کو لبیک کہہ دیا۔ اس طرح دونوں بھائی جو ایک ساتھ اس دنیا میں آئے تھے، کورونا نے ان دونوں کو 24 سال کی عمر میں ایک ساتھ موت کی نیند سلا دیا۔